مستعفی ہونے کی خبر، بابر اعظم کی ٹوئیٹ پر اے بی ڈی ویلیئرز نے کیا جواب دیا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بابر اعظم کا قومی وائٹ بال ٹیم کی کپتانی کے حالیہ استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق اسٹار کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ اچھا کھیلا ہے، اور اب اپنی ٹیم کے لیے مزید رنز بنائیں۔
خیال رہے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں بابر اعظم نے وائٹ بال کرکٹ کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ بابر اعظم نے لکھا کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزازکی بات ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ میں استعفیٰ دے دوں اوراپنے کیرئیر اور کھیل پربھرپورتوجہ مرکوز کروں۔ ٹیم کی کپتانی ایک بہترین اور سود مند تجربہ رہا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ کپتانی میں ایک اضافی بوجھ شامل ہے لیکن اب میں اپنی کارکردگی کو ترجیح دینا چاہتا ہوں، اپنی بیٹنگ سے لطف اندوزہونا چاہتا ہوں اوراپنے خاندان کے ساتھ اچھا وقت گزارنا چاہتا ہوں، جس سے مجھے خوشی ملتی ہے۔
بابراعظم نے مزید لکھا کہ عہدہ چھوڑنے سے میں آگے بڑھنے میں بہتر کارکردگی حاصل کروں گا اوراپنے کھیل پرزیادہ توجہ دوں گا۔ انہوں نے اپنے مداحوں کی جانب سے غیرمتزلزل حمایت اور اعتماد کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کی جانب سے ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور اس کی تصدیق بھی کردی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ بابر اعظم کی بطور وائٹ بال کپتان خدمات، ٹیم کا مطلوبہ معیار پورا کرنے کے لیے ان کی صلاحیتوں اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کے غیرمتزلزل عزم کا اعتراف کرتا ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ سمجھتا ہے کہ بابر اعظم ایک عالمی معیار کے بلے باز اور ایک سینیئر ٹیم ممبر کی حیثیت سے اب بھی ایک اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور پی سی بی ان کی حمایت جاری رکھے گا۔