کسی سے تصادم نہیں چاہتے، 4 اکتوبر کو قافلے ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کو خیبرپختونخوا سے قافلے منظم انداز سے اسلام آباد میں پہنچ کر احتجاج میں شریک ہوں گے . خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز اور قائدین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم کسی سے تصادم نہیں چاہتے، پولیس والے ہمارے بھائی ہیں، پولیس کا نقصان ہمارا نقصان ہے .

انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیم کے نام پر پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پرامن احتجاج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے جسے ضرور استعمال کریں گے . انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت ہمارا راستہ روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، جبکہ عوام ان کے تمام اقدامات کو غلط سمجھ رہے ہیں . علی امین گنڈاپور نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے قائدین قافلوں میں نظم و ضبط اور طے شدہ لائحہ عمل کو یقینی بنائیں . واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے جس کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں، دوسری جانب حکومت نے مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے . . .

متعلقہ خبریں