تھانہ آئی نائن میں درج مقدمہ؛ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ملزم تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں فیصل جاوید اور دیگر کے خلاف تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی۔ حیدر بن مسعود عامر محمود کیانی فیصل جاوید عدالت پیش ہوئے۔
علی امین گنڈاپور، عمر تنویر اور واثق قیوم عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ راشد حفیظ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کرلی۔
عدالت نے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور واثق قیوم کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔