چاہت صاحب! بس آپ خوش رہیں، دنیا چاہے بہری ہوجائے؛ آغا علی
لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی نے سوشل میڈیا کے بےسُرے گلوکار چاہت فتح علی خان کے حالیہ اعلان پر دلچسپ ردعمل دیا ہے۔
بےسُری آواز اور منفرد انداز کے ذریعے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کی گئی ویڈیو میں اپنی قوالی کی ریلیز کا اعلان کیا۔
چاہت فتح علی خان نے کہا کہ بہت جلد میری نئی قوالی ‘تیری مست نظروں سے اللہ بچائے’ ریلیز ہونے والی ہے، مجھے اُمید ہے کہ میرے دیگر گانوں کی طرح یہ بھی مداحوں کو بہت پسند آئے گی۔
اُنہوں نے اپنی ویڈیو سے مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے اپنی نئی قوالی کے چند بول بھی گنگنائے۔
چاہت فتح علی خان کی یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی بڑی تعداد نے طنز و مزاح سے بھرپور تبصرے کیے۔
ان میں معروف اداکار آغا علی بھی شامل تھے جنہوں نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں چاہت فتح علی خان کی ویڈیو شیئر کی۔
آغا علی نے چاہت فتح کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بات نہیں چاہت صاحب، ہم یہ بھی سہہ لیں گے۔ اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ آپ خوش رہیں بس، دنیا چاہے بہری ہوجائے۔