سندھ

ورلڈکلچر فیسٹیول: اطالوی فنکارہ کا کٹھ پتلی ڈرامہ، بغیر مکالموں کے کہانی بیان کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جیو اور جنگ کے اشتراک سے کراچی آرٹس کونسل میں جاری عالمی ثقافتی میلے کے نویں دن (گزرشتہ روز) اطالوی فنکارہ نے “آئی پٹ مائی ہارٹ ان ٹو اٹ” پپٹری شو پیش کیا۔
نینا اٹلی سے پہلی بار پاکستان دورے پر آئیں ہیں اور ان کے ساتھ فرانس سے آئے تھیٹر آرٹسٹ ایلئن ویاجرز کی بھی اسٹریٹ پرفارمنس تھی۔
جیو ڈیجیٹل نے اٹلی سے آئی اس مہمان فنکارہ نینا سے خصوصی گفتگو کی اور اطالوی روایتی پپٹری ڈراموں کے بارے میں جانا کہ وہاں روایتی اور مقبول پپٹ کردار کون سے ہیں؟
نینا نے بتایا کہ ہمارے یہاں اٹلی میں روایتی پپٹ پلسینیلا ہے جو آپ کو نیپلز کے ہر خطے میں ملےگا، اس قسم کے پتلے ہاتھ سے چلائے جاتے ہیں، جبکہ سیسیلیہ میں پپٹ کی ایک قسم پُوپی کافی مقبول ہے یہ پپٹس قدآور ہوتے ہیں اور مارینیٹ پپٹ کہلاتے ہیں جو کافی پرانے اور روایتی ہیں۔
خیال رہے کہ پپٹ شوز اٹلی کی ثقافت کا اہم حصہ رہے ہیں، پلسینیلا (Pulcinella) اٹلی کا ایک مشہور پپٹ کردار ہے۔ یہ روایتی اطالوی پپٹ تھیٹر، خاص طور پر “کومیدی ڈی لارٹے” (Commedia dell’arte) کا حصہ ہے۔ پلسینیلا کی خصوصیت اس کا مزاحیہ اور چالاک رویہ ہے اور یہ اکثر سماجی اور سیاسی مسائل پر طنز بھی کرتا ہے۔
یہ کردار نیپولیٹن ثقافت اور روایتی پپٹ شو کا اہم حصہ رہا ہے اور اس خطے میں مختلف تہواروں اور پرفارمنسز میں اکثر پیش کیا جاتا ہے۔
اٹلی کے صوبے سیسیلیہ کے روایتی پپٹ کو “اُپرا دئی پُوپی” (Opera dei Pupi) کہا جاتا ہے، جو ایک خاص قسم کا مارینیٹ پپٹ تھیٹر ہے۔ یہ پپٹ تھیٹر سیسیلیہ میں انیسویں صدی سے مقبول رہا ہے اور اس میں زیادہ تر قرون وسطیٰ کی کہانیاں، جنگجوؤں کی داستانیں، اور ivalric رومانوی کہانیاں پیش کی جاتی ہیں۔ ان پپٹس کی خصوصیت ان کا ہاتھ سے بنائے گئے خوبصورت اور تفصیلی لباس اور ہتھیار ہیں۔ “اُپرا دئی پُوپی” کو یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں بھی شامل کیا ہے۔
جیو ڈیجیٹل نے نینا سے ان کے شو کے متعلق پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ تمام ڈرامہ بغیر کسی ڈائیلاگ کے پیش کیا گیا ہے جس میں میوزک کے ساتھ دو کہانیاں پیش کی گئیں ہیں ان میں دو پنچھیوں کی کہانی کے ساتھ نینا نامی کٹھ پتلی کی کہانی پیش کی گئی تھی ۔ نینا نے کہا کہ وہ اطالوی انداز کی روایتی پپٹری نہیں کرتیں بلکہ انہوں نے خود اپنے کردار تیار کیے ہیں۔
نینا اپنے ساتھ شو کا تمام سامان ایک سوٹ کیس میں ڈال کر پاکستان لائیں تھیں اور شو سے پہلے اکیلے ہی کردار تیار کر رہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ “میرا شو پچاس منٹ طویل ہے، میں اپنے ساتھ اٹلی سے ہی شو کا تمام سامان ساتھ لائی تھی، ہر چیز میرے سامان میں موجود ہے۔ یہ ٹیبل جو اسٹیج پر استعمال ہوئی ہے میں یہ بھی ساتھ لے کر آئی ہوں، جو میرے لیے کافی مشکل بھی رہا ہے”
نینا نے پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ یہاں کے لوگ بہت ملنسار ہیں، اٹلی میں ہم نے پاکستانیوں کے بارے میں سن رکھا تھا لیکن اب میں گھر واپس جاکر سب کو بتاؤں گی کہ یہ واقعی بہت اچھے لوگ ہیں۔
جیو ڈیجیٹل نے نینا سے یہ بھی پوچھا کہ کراچی میں انہوں نے کون سے روایتی کھانے کھائے؟
نینا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں کراچی کی چکن بریانی اور چائے سب سے زیادہ پسند آئی ہے جبکہ وہ یہاں کی ثقافت سے بھی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی آرٹس کونسل میں جاری ورلڈ کلچر فیسٹیول میں چالیس ملکوں کے فنکار پرفارم کررہے ہیں، جبکہ فیسٹیول 2 نومبر تک جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں