جوئے بازکمپنیوں کی پھر سے تشہیر، وسیم اکرم نے بھی 2 فرمز کی سفارت سنبھال لی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں پر کروڑوں روپوں کا جوا کھیلا جاتا ہے جو اب با قاعدہ کمپنیوں کے ذریعے ہوتا ہے۔ پاکستان میں چونکہ جوا کھیلنے کی اجازت نہیں ہے اور اس پر سخت سزائیں دی جاتی ہیں اس لیے جوے کی یہ بڑی کمپنیاں اپنی شناخت تبدیل کرکے مختلف ناموں سے رجسٹرڈ تھیں لیکن کام جوے کا ہی کر رہی تھیں۔
نگراں حکومت نے گزشتہ سال اکتوبر میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں پر جوا کروانے والی 150 کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا۔ یہ کمپنیاں پاکستان میں مختلف موبائل ایپلی کیشن اور ویب سائٹس کے ذریعے کام کرتی ہیں اور لوگ ان کے ذریعے جوا کھیلتے تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ، پاکستان سپر لیگ، فرنچائزز، کلب کرکٹ، ٹی وی اور ریڈیو براڈکاسٹرز کو سختی سے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ان کمپنیوں کے ساتھ کسی قسم کا رابطہ نہ رکھیں اور نہ ہی ان کمپنیوں کی کسی بھی طرح سے تشہیر کریں۔
کرکٹ پر جوا کھلوانے والی ان کمپنیوں نے گزشتہ سال پاکستان کے 2 مایہ ناز کھلاڑیوں سے رابطہ کیا تھا اور کمپنیوں کی تشہیر کی درخواست کی تھی۔
ایک کمپنی 1XBET کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو سالانہ 25 کروڑ روپے کے عوض کنٹریکٹ آفر کیا گیا تھا جسے بابر اعظم نے ٹھکرا دیا تھا۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بیٹنک کمپنی WOLF777 نے 10 کروڑ روپے سالانہ کی آفر کی تھی اور کہا تھا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران اپنی شرٹ پر ہمارا نام بھی لکھوالیں تاہم محمد رضوان نے اس آفر کو ٹھکرا دیا تھا۔
حکومت کی جانب سے ان بیٹنگ کمپنیوں پر عائد پابندی ختم نہیں کی گئی تاہم ایک ہفتہ قبل اسپورٹس چینل 10 اسپورٹس پر سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کی لائیو ٹرانسمیشن پر بیٹنگ کمپنیوں کے لوگو کی تشہیر کی گئی ہے اور تاحال اس پر حکومت کی جناب سے کوئی ایکشن بھی نہیں لیا گیا ہے۔
وسیم اکرم جواباز کمپنیوں کے سفیر بننے پر شاداں
پاکستانی کرکٹ کے ایک لیجنڈ اور اسٹار فاسٹ بولر وسیم اکرم جوا کرانے والی بھارتی 2 اعلیٰ بیٹنگ کمپنیوں بی جے باجی اور جیت بز کے سفیر بن گئے ہیں۔
لیجنڈری فاسٹ بولر نے ان بیٹنگ سروگیٹ کمپنیوں کی تشہیر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’میں نے کرکٹ میں بہت سے ناقابل فراموش لمحات گزارے ہیں لیکن اصل کامیابی کچھ ایسی تخلیق کرنی ہے جو قائم رہے۔ میرے ساتھ باجی میں شامل ہوں اور سفر کا حصہ بنیں‘۔
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’آئیے سنسنی سے لطف اندوز ہوں اور ایک ساتھ دیرپا یادیں بنائیں! آپ کے ساتھ اس سفر میں شریک ہونے کے لیے بیتاب ہوں، بادشاہ کی طرح جیتو۔
واضح رہے کہ نگراں حکومت کے وزیر اطلاعات نے پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا سیریز کے دوران سرکاری ٹی وی کے اسپورٹس چینل کی نشریات اس وجہ سے بند کر دی تھیں کہ اسکرین پر ایک بیٹنگ کمپنی کے لوگو کی تشہیر کی جا رہی تھی۔ چند روز قبل اب اسی کمپنی کی 10 اسپورٹس پر تشہیر کی گئی ہے۔