ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ کو پاکستان پر برتری حاصل کرنے کے لیے 64رنز درکار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملتان ٹیسٹ میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز بنالیے جبکہ پاکستان نے 556 رنز بنا رکھے ہیں۔ تاہم، انگلینڈ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 64 رنز درکار ہیں۔
تیسرے روز کا کھیل
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 96 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تو اس وقت ان کے بیٹر زیک کرالی 64 اور جو روٹ 32 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
انگلینڈ کے 113 کے مجموعی اسکور پر ان کے بیٹر زیک کرالی 78 اسکور بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بین ڈکٹ 84 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وہ عامر جمال کی گینڈ پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس دوران انگلینڈ کے بیٹرز جوروٹ اور ہیری بروک نے ٹیم کو سہارا دیا اور بہترین شراکت داری سے 3 وکٹوں پر 492 رنز بنا لیے اور اب مزید 64 رنز کا خسارہ باقی ہے۔
میچ کے اختتام پر جوروٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز بنا کرکریز پر موجود ہیں۔ تیسرے روز کے کھیل میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 556 رنز اسکور کیے تھے، قومی ٹیم کی جانب سے سلمان آغاز، عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے سینچریاں اسکور کی تھیں۔
جو روٹ نے 2 اعزاز اپنے نام کیے
انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے خلاف جاری ملتان ٹیسٹ کے دوران تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے 2ریکارڈ اپنے نام کیے۔ جو روٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں 5ہزار رنز والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں اور دوسری جانب وہ الیسٹر کک کو پیچھے چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا 99واں ففٹی پلس اسکور درج کیا، اور 147ویں ٹیسٹ میں ایلسٹر کک کو پیچھے چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز اسکورر بن گئے ہیں۔ اننگز کے 42ویں اوور میں روٹ نے پاکستانی فاسٹ بولر عامر جمال کو باؤنڈری لگا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
دوسرا دن
دوسرے دن کا آغاز پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز سے کیا تھا۔ دن کا آغاز ہوا تو سعود شکیل اور نسیم شاہ نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے عمدہ شراکت داری قائم کی، اس دوران سعود شکیل بھی اپنی نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے تاہم نسیم شاہ 388 کے مجموعی اسکور پر برائیڈن کارس کی گیند پر ہیری بروک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 81 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ نسیم شاہ کے بعد محمد رضوان کھیلنے آئے مگر وہ بغیر کوئی اسکور بنائے جیک لیچ کی گیند پر کرس ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس نقصان کے بعد سعود شکیل اور سلمان علی آغا کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور 450 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل 82 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد عامر جمال بیٹنگ کے لیے آئے تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور جب ٹیم کا اسکور 464 تک پہنچا تو عامر 7 رنز بناکر وکٹ دے بیٹھے۔
تاہ سلمان آغا نے شاندار سینچری اسکور کرکے پاکستان کو 556 رنز تک پہنچا دیا ہے۔ یہ اس اننگ کی تیسری سینچری رہی، اس سے قبل گزشتہ روز کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق بھی سینچری مکمل کرچکے تھے۔
پہلا دن
میچ کے پہلے دن پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے تھے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شان مسعود نے 151 رنز بنائے تھے اور عبداللہ شفیق نے 102 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب 8 کے مجموعی اسکور پر 4 اسکور بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، کپتان شان مسعود نے 2 چھکے اور 10 چوکے چڑ کر سینچری مکمل کی۔
دوسری جانب عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 253 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی۔
پہلے روز کا کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل بابر اعظم 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ سعود شکیل اور نسیم شاہ بغیر کریز پر موجود تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کرس ووکس ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان پلیئنگ الیون
فائنل الیون میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق ٹیم شامل ہیں۔ محمد رضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد ٹیم میں موجود ہیں۔
انگلینڈ پلیئنگ الیون
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں جیک لیچ اور زیک کرولی کا نام بھی شامل ہے۔ تاہم، دونوں کھلاڑیوں کی بہت دیر کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ملتان ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کی پلئینگ الیون میں کپتان اولی پوپ، زیک کرولی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، برائیڈن کارس، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔
واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے پہلے 2 میچز ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر اور 15 سے 19 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔