پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ گہری محبت اور احترام کے جذبات رکھتے ہیں، آرمی چیف


آرمی چیف نے سعودی کاروباری وفد کو پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ گہری محبت اور احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی وفد نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، وفد کی قیادت سعودی وزیرسرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز کررہے تھے۔ آرمی چیف نے سعودی کاروباری وفد کو پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص سرمایہ کاری پر بات چیت کی، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے پاکستان کے مسلسل حمایت پر شاہ سلمان اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ سعودی کاروباری وفد کی آمد دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہے، پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ گہری محبت اور احترام کے جذبات رکھتے ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ بہت اہمیت دیتا ہے، توقع ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔