عمران خان کے لیے فکرمند امریکی رکن کانگریس ٹام سوازی اسرائیل کے حامی نکلے
واشنگٹن(قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے لیے فکر مند امریکی کانگریس کے رکن ٹام سوازی کے بارے میں تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آگئیں۔
ٹام سوازی نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں وزیر خارجہ بلنکن کو خط لکھ کر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ ہمیں اپنے حلقہ انتخاب کے ووٹرز اور پاکستانی اوور سیز کمیونٹی کو عمران خان کی صحت سے آگاہ کرنا ہے۔ ٹام سوازی کا اگلے ماہ نومبر میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے اور وہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی کوشش بھی کرینگے۔
صیہونیت کے پیروکار ٹام سوازی نیویارک کے صیہونی اکثریت والے علاقے سے ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر رکن کانگریس منتخب ہوئے۔ وہ اپنی صیہونی نوازی اور امریکی یہودی کمیونٹی کے بڑے ہمدرد کی حیثیت سے مشہور ہیں۔
امریکہ کی طاقتور صیہونی لابی نے ستمبر 2024ء میں ٹام سوازی کو کانگریس کے پاکستان کاکس کا چیئرمین بنوایا۔ ٹام سوازی بانی پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ اور سابق سالے زیک گولڈ اسمتھ کے قریبی دوست ہیں۔ وہ فلسطینیوں کے سخت دشمن، اسرائیل کے دورے کے دوران اکثر دیوار گریہ پر بھی دیکھے جاتے ہیں۔
ٹام سوازی غزہ پر اسرائیلی حملے کے سرگرم سپورٹرز میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی حمایت کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، یہ ہمارے لیئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔