جیل سے اچھی خبریں نہیں آ رہیں، عمران خان سے ملاقات کروائی جائے تو 15 اکتوبر کا احتجاج نہیں ہو گا، شیخ وقاص اکرم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ جیل سے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے متعلق عجیب و غریب خبریں آ رہی ہیں، جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے تو 15 اکتوبر کا احتجاج نہیں ہو گا۔
اتوار کو ایک ٹی وی انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا 15 اکتوبر کا احتجاج شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے خلاف نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے بانی پی ٹی آئی کی صحت سب سے اہم ہے، جیل سے اچھی خبریں نہیں آ رہی ہیں، اگر سنجھانی جلسہ رکوانے کے لیے جیل صبح 7 بجے کھلوائی جا سکتی ہے تو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے عمران خان سے ملاقات کیوں نہیں کروائی جا سکتی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اگر حکومت بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دیتی ہے، ان سے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے تو 15 اکتوبر کا احتجاج نہیں ہو گا۔ حکومت کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم اہم ہے تو ہم کارکنوں کے لیے بانی پی ٹی آئی کی صحت بھی اہم ہے کیوں کہ عمران خان کے بغیر تحریک انصاف کچھ نہیں ہے، وہی ہمیں ایجنڈا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2 ہفتوں سے وکلا اور فیملی کو عمران خان سے جیل میں ملنے نہیں دیا جا رہا ہے، ہم نے اعلان کیا تھا کہ پنجاب کے احتجاج کے بعد اسلام آباد میں احتجاج کریں گے۔ اس حوالے سے پارٹی میں اختلافات کی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ہم ایس سی او اجلاس کے خلاف نہیں ہیں، وہ ہمارے مفاد میں بھی ہے، ہم چاہتے ہیں اس سے حکومت جو فوائد حاصل کرنا چاہتی ہے حاصل کرے لیکن ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے قائد کے ساتھ کیا کیا زیادتی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی تک ہمارا مؤقف پہنچنا چاہیے تاکہ معاملہ ختم ہو، آئینی ترمیم سےمتعلق جن لوگوں سے رابطہ ہے ان کا احترام کرتے ہیں۔