حکومت کا پی ٹی آئی کے 15 اکتوبر کے احتجاج کی کال واپس لینے کیلئے شرط ماننے سے صاف انکار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈی چوک اسلام آباد پر 15 اکتوبر کا احتجاج مؤخر کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کرانے کی شرط رکھ دی۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پارٹی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کرا دے 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال واپس لے لیں گے۔
حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ مسترد کر دیا۔
رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر طلال چوہدری کہتے ہیں کہ ملاقات تو بہانہ ہے، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس نشانہ ہے، نہ حکومت کو ملاقات کرانےکی ضرورت ہے، نہ کسی عدالت کی ہدایت ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے فکرمند تحریک انصاف نے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور حامد رضا کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔