بھارتی حکومت نے کینیڈینز کیخلاف جرائم کی حمایت کا سوچنے میں غلطی کی: جسٹن ٹروڈو


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے سوچنے میں غلطی کی کہ وہ یہاں کینیڈین شہریوں کیخلاف جرائم کی حمایت کرسکتی ہے،۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کوئی ملک کینیڈا کی سر زمین پر کینیڈین شہریوں کے قتل میں ملوث ہو تو ہم برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ سفارتی محاذ آرائی نہیں چاہتے مگر بھارتی حکومت کا ردعمل انکار پر مبنی، معاملہ الجھانے، مجھ پر ذاتی طور پر حملہ کرنے اور کینیڈا کی حکومت کی سالمیت کے خلاف رہا ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا نے بھارتی ہائی کمشنر سنجے کمار ورما اور 5 سفارتی اہلکاروں کو ملک بدرکردیا ہے، غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سکھ لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کیس کے سبب بھارتی سفارت کاروں کو کینیڈا سے ملک بدرکیا گیا۔
اس سے قبل بھارت کی جانب سے سفارتی تنازع بڑھنے کے بعد کینیڈا سے اپنے ہائی کمشنر اور سفارتکاروں کو واپس بلانے کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔
ان سفارتکاروں کو کینیڈا نے سکھ علیحدگی پسند ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات میں شامل کیا تھا۔
یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کا آغاز گزشتہ برس کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد ہوا تھا۔ کینیڈین وزیرا‏عظم نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارتی حکومت پر عائد کیا تھا۔
بعد ازاں بھارت نے 41 کینیڈین سفارتی حکام کو ملک چھوڑنے کا کہا تھا۔