پنجاب اور بلوچستان کے درمیان قومی تعصب کو ہوا دینے کی سازش کی جا رہی ہے ،جان محمد بلیدی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی پنجاب وحدت کا کنونشن نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی کی زیر صدارت کو پارٹی آفس G14اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پنجاب کے22اضلاع کے نیشنل پارٹی کے وفود نے شرکت کی۔کنونشن میں چند دن پہلے ساہیوال میں وفات پانے والے عظیم کامریڈ نیشنل پارٹی پنجاب کے سینئر راہنمارانا افضل محمود کی وفات پر تعزیت کا اظہارکیا گیا اور انکی سیاسی خدمات کوسراہا گیا۔سیشن کے آغاز میں نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک نے صوبائی کابینہ اور ورکنگ کمیٹی کو تحلیل کیا اور الیکشن کمیشن کا اعلان کیا۔الیکشن میں ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔نئی کابینہ میں ایوب ملک صدر نیشنل پارٹی پنجاب اور طالب حسین سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ اس موقع پر نئی منتخب ہونے والی کابینہ اور ورکنگ کمیٹی کے ممبران کے علاوہ نیشنل پارٹی پنجاب کے مختلف اضلاع کے صدور نے بھی خطاب کیا۔نیشنل پارٹی پنجاب کے نو منتخب سیکرٹری جنرل طالب حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پنجاب میں زیادہ منظم ہونے کی ضرورت ہے۔نیشنل پارٹی پنجاب کے سینئر راہنما ناصر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی77سالہ سیاسی تنزلی اور اسکے مضمرات پر روشنی ڈالی۔نیشنل پارٹی کی مرکزی راہنما سابقہ ایم پی اے یاسمین لہڑی نے اس موقع پرکہا کہ نیشنل پارٹی محکوم قوموں اور مظلوم طبقات کی پارٹی ہے۔ نیشنل پارٹی کے ایم این اے اور مرکزی راہنما پھولین بلوچ نے نئی منتخب کابینہ اور ورکنگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ منتخب ہونے والی قیادت نیشنل پارٹی کو پنجاب میں منظم کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان قومی تعصب کو ہوا دینے کی سازش کی جا رہی ہے اور نیشنل پارٹی اس مذموم کوشش کو ناکام بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔نیشنل پارٹی پنجاب کے منتخب صدر ایوب ملک نے نیشنل پارٹی کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام اور ریاست کے درمیان ایسا رشتہ پیدا کرنا چاہتی ہے جو کہ آئین کی پاسداری اور سویلین سپریمیسی پر محیط ہو۔