حکومت کا 26ویں آئینی ترمیم پہلے سینیٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے 26 ویں آئینی ترمیم پہلے قومی اسمبلی کے بجائے سینیٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ کے کل سہ پہر 3 بجے ہونے والے اجلاس میں آئینی ترمیم پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے سینیٹ کا اجلاس کل سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے، جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس 4 بجے بلایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ اجلاس میں پیش کیے جانے سے قبل آئینی ترمیم کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔
دوسری جانب مختلف جماعتوں نے اپنے اپنے ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کو آئینی ترمیم پاس کرانے کے لیے قومی اسمبلی میں 224 جبکہ سینیٹ میں 63 ارکان کی حمایت درکار ہے۔
اس سے قبل جمعیت علما اسلام اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق ہوچکا ہے، اور اس وقت رائیونڈ میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے اہم سیاسی شخصیات کی ملاقات جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن بھی مسودے پر اتفاق کرلے گی۔