عددی اکثریت موجود ہے، 21 اکتوبر سے قبل آئینی ترمیم کا عمل مکمل ہو جائے گا، سینیٹر فیصل واوڈا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر اور موجودہ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ہفتہ کے روزر آئینی ترمیمی بل دونوں ایوانوں میں پیش ہو جائے گا، امکان ہے کہ 26ویں کے بعد 27 ویں آئینی ترامیم بھی آ سکتی ہے، نومبر 2025 تک بانی پی ٹی آئی کے لیے کوئی ریلیف نظر نہیں آ رہا ہے۔
جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ آئین سازی اور قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ میں عددی اکثریت موجود ہے امید ہے کہ 21 اکتوبر سے قبل ترامیم کا عمل مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد ہفتہ کے روز مجوزہ آئینی ترمیمی بل دونوں ایوانوں میں پیش کر دیا جائے گا، عدالتوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطو رآزاد سینیٹر آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ دوں گا ۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ میرا شمار9 مئی کے واقعات کے بعد ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگ کر بھاگنے یا بکاؤ مال سے نہیں ہے، اس وقت دو ٹوک مؤقف پر ڈٹا ہوا ہوں جب پی ٹی آئی عروج پر تھی۔
انہوں نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی اور پارٹی جس نہج پر کھڑی ہے اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت ہے جو اپنی اپنی تصاویر بنوانے کے چکروں میں لگی رہتی ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آج ملک گیراحتجاج کی کال دی گئی تھی، ملک گیر تو دور ایک گیر احتجاج بھی نظر نہیں آیا۔
ایک اور سوا ل کے کوجواب میں انہوں نے کہا کہ 27 سال کے بعد پاکستان میں ایک عالمی سطح کا ایونٹ ہوا ہے اس میں حکومت کے ساتھ ساتھ سی آئی ایف سی کا بھی کلیدی کردار ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میری اطلاعات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے ، ان کی صحت خرابی کی آڑ میں ملاقاتیں مقصود ہیں۔ پی ٹی آئی کے بکاؤ مال اور موجودہ نااہل عہدیداروں کی وجہ سے پی ٹی آئی اور اس کے بانی کا یہ حال ہوا ہے، نومبر 2025 تک بانی پی ٹی آئی کے لیے کوئی ریلیف نہیں دیکھ رہا۔