اسلام آباد

حامد خان کا ملک گیر وکلا تحریک چلانے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیئر وکیل حامد خان نے ملک میں وکلا تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر وکیل حامد خان نے کہا کہ آئینی ترمیم کے لیے حکومت کے نمبر پورے نہیں تھے کیوں کہ اختر مینگل کے 2 لوگ اٹھا کر سینیٹ لائے گئے ہیں۔
حامد خان نے کہا کہ اختر مینگل نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ وہ اس ترمیم کے خلاف ووٹ ڈالیں گے تو پھر کس طرح ان سے ووٹ لیے گئے، اس کا مطلب ہے کہ جبر کے ساتھ ان سے ووٹ لیے گئے۔
کیا آپ تنظیمی لیول پر وکلا کو متحرک کرنے جارہے ہیں، تحریک انصاف اور سارے لوگ احتجاج کریں گے؟ اس سوال کے جواب میں حامد خان نے کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، بہت سی سیاسی جماعتیں جو ہمارے ساتھ تھیں آج ان کی طرف ہوگئیں جو ہمارے لیے تکلیف دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی مجبوریاں ہوتی ہیں، ہم وکیل پارٹیوں سے ہٹ کر ہیں اور ہم نے اپنا مقصد سیاسی جماعتوں کے بغیر حاصل کرنا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ آج جو ترمیم ہوئی ہے وہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہے، اس لیے یہ قائم نہیں رہ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ترمیم آئین کے دو بنیادی نکات آزاد عدلیہ اور طاقت کی تقسیم کے خلاف ہے، پارلیمنٹ علیحدہ ادارہ ہے جبکہ جوڈیشلی بھی ایک علیحدہ معاملہ ہے، دونوں ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتے۔

متعلقہ خبریں