کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کلینک سیل کرنے کیخلاف درخواست پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا .
ہائیکورٹ میں سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کلینک سیل کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی .
عدالت نے ایس بی سی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ ہمیں یہ سمجھایا جائے کہ وہاں کیا غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں .
ایس بی سی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ اس مقام پر کمرشل سرگرمیوں کا سلسلہ جاری تھا جسکی وجہ سے ہماری جانب سے کارروائی کی گئی . ڈاکٹر صاحب کی جانب سے بلڈنگ کی تعمیرات کے حوالے سے بہت سی تبدیلیاں کی گئیں .
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کس قانون کے تحت اس طرح کی تعمیرات کیخلاف کارروائی کی جاتی ہے .
ایس بی سی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ 1991 میں یہ بلڈنگ بنائی گئی تھی جسکے بعد 2002 میں اس میں تبدیلی بھی کی گئی . اس پلاٹ کے اپروول پلان میں بھی کہیں ذکر نہیں کیا گیا کہ اس جگہ پر کلینک بنایا جارہا ہے . یہاں رہائشی بلڈنگ کا پلان اپروول لیا گیا اور تعمیرات کی گئی ہیں . جب ہمیں اس بلڈنگ کے حوالے سے شکایت ملی تو نوٹس جاری کئے گئے اور قانون پر عمل درآمد کیا گیا .
عارف علوی کے وکیل انور منصور خان نے موقف میں کہا کہ ہمیں اس حوالے سے کوئی بھی نوٹس نہیں دیا گیا . سیل جو کیا گیا ہے وہ غیر قانونی تعمیرات پر کیا گیا ہے اور جو نوٹس کیا گیا ہے وہ مس یوز آف پراپرٹی پر کیا گیا . ہمارا کلینک غیر قانونی طور پر سیل کیا ہوا ہے . یہ کلینک بہت عرصے سے اس مقام پر قائم ہے . اس بلڈنگ کو سماجی بہبود کے کام کے لئے سالوں سے استعمال کیا جارہا تھا . یہ بلڈنگ کسی ہوٹل یا ریسٹورنٹ کے لئیے استمعال نہیں ہورہی ہے .
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جس شہری نے شکایت کی ہے وہ تو خالد بن ولید روڈ پر رہائش پذیر ہے . لگتا ہے کہ جس طرح تمام چیزوں پر کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اسی طرح یہاں بھی ہو رہا ہے .
عدالت نے سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے کلینک کو سیل کرنے سے متعلق وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا .