سندھ

والدین کا انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار چیلنج ہے، وزیراعلیٰ سندھ


پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کا مسئلہ کراچی میں سب سے زیادہ سنگین ہے، مراد علی شاہ
کراچی(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پولیو ویکیسن کے بارے میں پائے جانے والے خدشات اور قطرے پلانے سے انکار پاکستان خصوصاً سندھ کے کراچی حیدرآباد میں پولیو کے خاتمے میں چلینج بنا ہوا ہے۔ کئی والدین بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بات فاطمہ جناح اسکول گارڈن ویسٹ میں پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ صوبائی وزرا سردار شاہ، جام خان شورو، ذوالفقار شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے اس موقع پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔
سیکریٹری اسکول تعلیم زاہد عباسی، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر ارشاد علی سوڈھڑ، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر پولیو ایمرو ریجن ڈاکٹر حامد جعفری، عالمی ادارہ صحت کے پولیو کنٹری ہیڈ ڈاکٹر زین العابدین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک چلنے والی مہم کے دوران 30 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمرکے ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ چھ ماہ سے 5 سال سے زائد عمر کے 95 لاکھ بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائےگی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کا مسئلہ کراچی میں سب سے زیادہ سنگین ہے۔ سندھ بھر سے مجموعی انکار کا 85 فیصد کراچی سے ریکارڈ کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو قائل کرنے کےلیے سرکاری ٹیمیں، اراکین اسمبلی اور مقامی نمائندوں کو بھی میدان میں اتارا ہے۔ ویکسین کی شرح میں اضافے اور انکار کے واقعات کم کرنے کےلیے سماجی کارکنوں کو بھی متحرک کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سال پاکستان بھر میں 41 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 12 سندھ میں رپورٹ ہوئے اس لیے اس مہم کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور دیگر علاقوں کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی انسداد پولیو کےلیے اس مہم کو مزید ضروری بناتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پولیو مہم میں 81 ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں، 19 ہزار کے قریب سیکیورٹی اہلکار پولیو ورکرز کی سیکیورٹی اور مہم کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کےلیے تعینات کیے گئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے پولیو ویکسین بار بار پلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بچوں کے پولیو سے تحفظ اور قوت مدافعت میں اضافے کےلیے ویکسی نیشن کا ہر دور اہم ہے۔ والدین اور سرپرست ویکسی نیشن ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بچوں کو پولیو سے بچایا جا سکے۔
مہم کے دوران ویکسی نیشن سے رہ جانے والے بچوں کےلیے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 یا واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 موجود ہے جہاں سے بچوں کے ویکسی نیشن کے حوالے سے ان کی رہنمائی کی جائے گی ۔

متعلقہ خبریں