مقابلہ حسن جیتنے والی بھارتی حسینہ ریچل گپتا کا پاک، بھارت تعلقات پرجذباتی نوٹ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مس گرینڈ انٹرنیشنل 2024 میں مقابلہ حسن جیتنے والی بھارتی حسینہ ریچل گپتا نے پاکستان کی روما مائیکل کے ساتھ اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری پنجابی بہن‘، ‘سرحدیں ہمیں الگ رکھ سکتی ہیں، لیکن وہ ہمارے مشترکہ رشتے کو الگ نہیں کر سکتیں۔
ریچل گپتا کے ان ریمارکس پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پیچیدہ تعلقات ہونے کے باوجود پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان محبت تمام حدوں سے تجاوز کرتی ہے۔
گزشتہ ہفتے بنکاک میں منعقد ہونے والے مس گرینڈ انٹرنیشنل 2024 نامی مقابلہ حسن کے مقابلے میں پاکستان کی روما مائیکل اور بھارت کی ریچل گپتا کے درمیان فائنل مقابلہ ہوا، جو بھارتی حسینہ ریچل گپتا نے جیت لیا۔
مقابلہ جیتنے کے بعد ریچل گپتا نے سماجی رابطے کی ایپ ’انسٹاگرام‘ پر ایک جذباتی نوٹ لکھا کہ جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی روما مائیکل کو اپنی ’پنجابی بہن‘ قرار دیتے ہوئے ان سے اپنی زبردست محبت کا اظہار کیا۔
انسٹا گرام پر پوسٹ میں ریچل گپتا لکھتی ہیں کہ ‘روما، جب میں آپ کی ہمت اور خوبصورتی کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرا دل فخر سے پھول جاتا ہے۔ آپ کے ساتھ حسن میں مقابلہ کرنا میرے لیے انتہائی خوش کن رہا، یہ ایسا ہی تھا جیسے گھر سے دور گھر کی تلاش کرنا۔
ریچل گپتا نے مزید لکھا کہ ’روما‘ آپ کی مہربانی، آپ کی لگن اور آپ کا حوصلہ ہم سب کے لیے ایک مثال ہے اور مجھے ہر اس چیز پر فخر ہے جس پر آپ نے اکیلے خود ہی قابو پایا ہے۔
ریچل گپتا نے مزید لکھا کہ ’سرحدیں ہمیں الگ رکھ سکتی ہیں، لیکن وہ ہمارے باہمی تعلق کو الگ نہیں کر سکتیں۔ ہم ایک ہی خون سے پیدا ہوئے ہیں، آپ میرے لیے ہمیشہ ایک بہترین دوست رہیں گی، بھارت میں آپ کے لیے ہمیشہ دروازے کھلے رہیں گے۔
اپنا سر اونچا رکھو، روما، کیونکہ تم اکیلی نہیں ہو۔ ہم ایک ساتھ ہیں، کیونکہ جو چیز ہمیں تقسیم کرتی ہے وہ اس سے بڑی نہیں ہے جو ہمیں متحد کرتی ہے!۔
واضح رہے کہ مس گرینڈ انٹرنیشنل مقابلہ تخلیقی صلاحیتوں اور تفریح کا ایک مرکز ہے، اسے ایک عالمی مقابلہ حسن بھی قرار دیا گیا ہے جس کا مقصد انسانی علم اور تفہیم کو فروغ دے کر تشدد اور جنگ کی روک تھام کرنا ہے۔
جیتنے والے کو ایک ’گولڈن کراؤن‘ دیا جاتا ہے جو سونے اور پیتل سے تیار کیا جاتا ہے، ہیروں اور زمرد سے سجایا جاتا ہے اور یہ مقابلہ ہر 3 سال بعد منعقد کیا جاتا ہے۔