تربت میں گرینڈ قبائلی جرگہ،علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت میں قبائلی جرگہ منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان، صوبائی وزرا، سینیٹرز، علاقائی عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام، خواتین، طلبہ و طالبات اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔
جرگے کے آغاز میں شرکا نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
جرگے کے شرکا نے مکران کے قبائلی عمائدین، کاروباری حضرات، خواتین اور طلبا سمیت مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان پر مشاورت کی۔
طلبا کے کے بیرون ملک اسکالرشپ پروگرام کا اعلان
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے بینظیر اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا، جس کے تحت بلوچستان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے بیرون ملک پی ایچ ڈی کے تمام اخراجات صوبائی حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔
نوجوانوں کے لیے اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان بورڈ کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ہر ضلع کے پہلے 10 طلبا کی سولہ سالہ تعلیم کے اخراجات صوبائی حکومت اٹھائے گی۔
بلوچستان میں نوجوانوں اور بے روزگار افراد کے لیے اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا جارہا ہے، جس سے لوگوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع میسرآئیں گے۔‘
شہدا کے بچوں کے تعلیمی اخراجات
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2000 کے بعد دہشتگردانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے خاندانوں کی معاونت اور ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔
مزید برآں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
قبائلی عمائدین اور عوام کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراج تحسین
انہوں نے کہا کہ نہتے مزدوروں کو بلوچستان میں شہید کرنا افسوسناک ہے، ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قبائلی عمائدین اور عوام کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
قبائلی عمائدین نے بلوچستان میں امن کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
یوم اقبال پر تقریری مقابلے
یومِ اقبال کی مناسبت سے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام جنوبی بلوچستان میں علامہ اقبال کی فکر اور پیغام سے روشناس کروانے کے لیے تقریری مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا کو مہمانِ خصوصی نے انعامات سے نوازا۔
جرگے کے اختتام پر مقامی عمائدین نے حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کی جانب سے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔