’بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ٹیم نہ بھیجی تو پاکستان کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرسکتا ہے‘
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر بھارت کی کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں جاتی تو پاکستان کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ کی وجہ سے 10 برس سے دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی سیریز نہیں ہوئی، تاہم پاکستان نے ون ڈے ورلڈ کپ بھارت میں آکر کھیلا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک ہائبرڈ سیریز کی تجویز دی جس میں بھارت اپنے میچ دبئی میں کھیل سکتا ہے تاہم چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سے باہر کوئی میچ نہیں ہوگا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار پر پاکستان کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرسکتا ہے، تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے نہ آیا تو پاکستان آئندہ ان کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا‘
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان آکر نہ کھیلنے سے متعلق آگاہ کردیا گیا، جس کے بعد حکومت پاکستان نے بھی دوٹوک مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے بھارت کے پاکستان نہ آنے سے متعلق آگاہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ کرکے صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے اس رویے پر حکومت پاکستان کی جانب سے بھی سخت فیصلے لیے جانے کا امکان ہے، اور حکومت کی جانب سے اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ اگر بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان بھی آئندہ بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے تک کسی بھی ٹورنامنٹ میں ان کے ساتھ میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجا اور اچھا تاثر دیا لیکن بھارت کی جانب سے ہمیشہ کھیل میں بھی سیاست کو شامل کیا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ ہم چیمپیئنز ٹرافی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، بھارت کے نہ آنے کی صورت میں خطرناک حد تک جائیں گے، ہمارے اسٹیڈیمز بن رہے ہیں اور سیکیورٹی بھی اچھی ہے، اب بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ پاکستان آکر نہ کھیلے۔
میڈیا رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ بھارت کے پاکستان آکر نہ کھیلنے کی صورت میں ہمیں ریونیو نقصان ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تو تب ان کا نقصان بھی ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پاکستان نے دوٹوک فیصلہ کرلیا ہے کہ بھارت کو پاکستان آکر ہی کھیلنا ہوگا، چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کسی ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے، جس میں 8 ٹیموں نے شرکت کرنی ہے۔