اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دہی قدیم زمانے سے ہی ہماری غذا کا حصہ ہے اور ماہرین اس میں موجود اچھے جراثیم کی بدولت اسے ہمارے لیے بہترین قرار دیتے ہیں- دہی غذائی اجزاﺀ کو ہضم کرنے کے حوالے سے مددگار ثابت ہوتی ہے- تاہم ہم یہاں آپ کو دہی کے 5 ایسے فائدے بتائیں گے جنہیں جان کر آپ اس کا استعمال لازمی کریں گے-
دہی ایک پہلا سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ انسان کے ہائی بلڈ پریشر اور شوگر لیول میں کمی لاتی ہے- عموماً نمک کا زیادہ استعمال کرنے کی وجہ سے دل کی بیماریاں اور گردو کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں- لیکن اس نمک کو متوازن رکھنے کے لیے پوٹاشیم کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ دہی میں کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے-
اس کے علاوہ دہی وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی بہترین ہے کیونکہ اس کے کھانے سے انسان کو بھوک کم لگتی ہے- اور یہی عادت وزن میں کمی لانے کا سبب بن جاتی ہے-
دہی وٹامنز، پروٹین، کیلشیم، پوٹاشیم، فاسفورس اور زنک سے بھرپور ہوتی ہے جس کی بدولت انسان کی قوتِ مدافعت بھی مضبوط ہوجاتی ہے- قوتِ مدافعت کی مضبوطی انسان کو کئی موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے-
ہاضمے کے نظام میں پیدا ہونے والے مسائل انسان کی زندگی کو بےچینی اور مشکلات کا شکار بنا دیتے ہیں لیکن دہی کھانے سے یہ مسائل باآسانی دور ہوسکتے ہیں- دہی میں ایسے اجزاﺀ شامل ہوتے ہیں جو کھانے کو ہضم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں-
دہی کا ایک اور بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ اس میں شکر اور فیٹس کی کم سطح پائی جاتی ہے، دہی کا استعمال پروٹین کی وافر مقدار مہیا کرتا ہے، دہی میں پروٹین پائے جانے کے سبب بھوک کم محسوس ہوتی ہے اور یہ پیٹ بھرا رہنے کا احساس دلاتا ہے-