دلچسپ و عجیب

دنیا کا سب سے مہنگا ترین کیلا، کتنے لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیویارک کی مشہور سوتھبیز نامی آرٹ کمپنی نے اطالوی فنکار ماریزیو کیٹیلان کے آرٹ کا ایک متنازعہ نمونہ (دیوار پر ڈکٹ ٹیپ سے چپکا کیلا) نیلامی میں 62لاکھ ڈالر میں فروخت کردیا۔ دنیا بھر کے آرٹسٹ اس قسم کے آرٹ کی تشکیل کے بارے میں زیر بحث ہیں کیونکہ اس فن پارے میں کوئی آئل پینٹنگ، فوٹو گرافی، یا کوئی منفرد مجسمہ نہیں تھا بلکہ تازہ پھل کیلا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماریزیو کیٹیلان کی جانب سے پیش کیے جانے والے اس متنازعہ آرٹ کو ایک چینی کرپٹو کرنسی کے کاروباری جسٹن سن نے بولی میں خریدا۔ جیتنے والے جسٹن سن نے اس حوالے سے کہا کہ یہ صرف ایک آرٹ ورک نہیں ہے، یہ ایک ثقافتی رجحان کی نمائندگی کرتا ہے۔ جو آرٹ، میمز اور کرپٹو کرنسی کمیونٹی کی دنیا کو جوڑتا ہے۔
62لاکھ ڈالرز میں فروخت ہونے والے کیلے نے آرٹ کی دنیا میں کھلبلی مچا رکھی ہے، کیونکہ ایک یا 2دن میں خراب ہوجانے والے کیلا اس وقت دنیا کا سب سے مہنگا پھل بن چکا ہے۔
تاہم، 5منٹ کی تیز بولی اس وقت ختم ہوئی جب چینی نژاد کرپٹو کاروباری جسٹن سن نے جیتنے والی بولی لگائی اور 6دوسرے حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہانگ کانگ سے نیلامی دیکھنے والے سن نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماریزیو کیٹیلان کا کام ایک ثقافتی رجحان کی نمائندگی کرتا ہے جو آرٹ، کامیڈی اور کرپٹو کرنسی کمیونٹی کی دنیا کو جوڑتا ہے۔
کلائنٹس کے لیے فن پاروں کی سرمایہ کاری کی صلاحیت پر نظر رکھنے والے مائیکل موسیٰ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی دہائی کے دوران مارکیٹ میں واپسی بڑی دلچسپ صورتحال اختیار کرچکی ہے کیونکہ اس طرح کی آرٹ کی تشکیل صرف اور صرف خوشی کا باعث ہوتی ہے۔
پھلوں کی ریڑھی سے نیلامی تک کا سفر
بدھ کی شام سوتھبی کی دیوار پر ٹیپ کیا گیا اصل کیلا دن کے اوائل میں مین ہٹن کے اپر ایسٹ سائڈ پر ایک قریبی فروٹ اسٹینڈ سے 35سینٹ میں خریدا گیا تھا۔ فروٹ اسٹینڈ کے مالک بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ وہ نہیں جانتا تھا کہ اس کا ایک کیلا اس کی اصل قیمت سے کئی ہزار گنا میں فروخت ہو رہا ہے۔
آرٹ ایڈوائزر ڈیوڈ نارمن نے کہا کہ آرٹ کی دنیا میں اس طرح کا مزاق پریشان کن ہے، اور سوتھبیز کا عملہ دکھاوا کرنے اور لطیفے سننے کے بجائے غور و فکر کرے کہ وہ کیا کررہے ہیں۔
واضح رہے 64سالہ ماریزیو کیٹلان پہلے بھی اپنی منفرد اور متنازع حرکتوں کے باعث مشہور ہیں، انہوں نے 2016 میں گوگن ہائیم میوزیم کے ایک باتھ روم میں سونے کا ٹھوس ٹوائلٹ نصب کیا تھا اور ایک بار گیلری کی دیوار پر اپنے ڈیلر کو ڈکٹ ٹیپ کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *