جرگوں کے ذریعے صوبے کے امن کو بحالی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
امن کے لیے جہاں فورس کی ضرورت ہوئی فورس اور جہاں بات چیت کی ضرورت پڑی تو بات چیت کریں گے، سرفراز بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جرگوں کے ذریعے بلوچستان کے امن کو بحالی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔
ضلع پشین میں قبائلی جرگے کے انعقاد کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن کے لیے جہاں فورس کی ضرورت ہوئی فورس استعمال کریں گے اور جہاں بات چیت کی ضرورت پڑی وہاں بات چیت کریں گے۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس امن جرگے کا مقصد عوام کے مسائل سننا اور انکا جلد حل ہے جبکہ کور کمانڈر بلوچستان نے کہا کہ دل و جان سے لگے ہوئے ہیں کہ مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے۔
گرینڈ جرگے میں گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی (نارتھ) عابد مظہر، علاقہ عمائدین، اعلٰیٰ سول و عسکری حکام، خواتین اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔
جرگے میں شرکاء نے عمائدین اور خواتین سمیت مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کی اور علاقے کے مسائل پوچھے۔
قبائلی عمائدین اور مشیران نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے امن کے قیام میں کلیدی کردار کو دل کی گہرائیوں سے سراہا اور علاقے کے امن کے لیے تمام اداروں کے ساتھ تعاون کا یقین دلایا۔
جرگے کے اختتام پر مقامی عمائدین نے حکومت اور افواج پاکستان کے تعاون پر اعتماد کا اظہار کیا۔