پوست کی کاشت میں ملوث افراد کی زمینیں بحق سرکار ضبط، شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹ، پاسپورٹ اور لوکل سرٹیفیکیٹ کینسل کیے جائیں گے،کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہاکہ پوست کی کاشت میں ملوث افراد کی زمینیں بحق سرکار ضبط، شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹ، پاسپورٹ اور لوکل سرٹیفیکیٹ کینسل کیے جائیں گےجو افراد منشیات اگانے میں ملوث پائے گئے انہیں دو یا تین سال سزا دینے کی بجائے چھ ماہ میں ٹرائل مکمل کر کے سزائے موت دینے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی دوسری جانب ملوث افراد کے بجلی کلیکشنز بند کر کے بور مسمار، مشینریز اور شمسی پلانٹس ضبط کئے جائیں گے۔منشیات کے خلاف بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کیا گیا چمن ،قلعہ عبداللہ اور پشین میں کاروائی میں ایک ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کر کے تلف کر دیا گیا ہے اس موقع پر 60 فیکٹریاں بند کر کے کاروبار میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر ،اسمگلر اور رشوت لینے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی صوبائی حکومت ان عناصر کے خلاف جہاد کے طور پر کام کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منشیات کی روک تھام،پوست کی کاشت اور عوامی آگاہی کے حوالے سے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن حکومت بلوچستان ،انسداد منشیات فورس اور کمشنر آفس کوئٹہ کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن بلوچستان سید ظفر بخاری،ریجنل ڈائیریکٹر اے این ایف بریگیڈیئر عدنان دانش،کرنل عمر،چیئرمین زمیندار ایکشن کمیٹی ملک نصیر شاہوانی،ڈاکٹر قاری عبد الرشید ،مولانا انوار الحق حقانی ،مولانا عبد الحفیظ ہاشمی،مولانا ناصر موسوی کے علاؤہ مختلف علاقوں کے بلدیاتی نمائندوں ،معززین،عمائندین اور زمینداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن حکومت بلوچستان سید ظفر بخآری نے کہا کہ منشیات ایک انتہائی احساس اور گمبھیر مسئلہ ہے۔عمائدین،معززین،علماء کرام ،زمیندار اور دیگر اکائیوں کو حکومتی اداروں کے شان بشانہ منشیات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔صوبے میں پوست کی کاشت کو روکنے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ ریجنل ڈائیریکٹر اے این ایف بریگیڈیئر عدنان دانش نے کہاکہ منشیات کے خاتمے کے لیے اخلاص نیت سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پوست کی کاشت ختم کئے جائیں۔تمام اداروں کو باہمی تعاون اور اشتراک سے منشیات کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا ہوگا۔منشیات ہماری نئی نسل کو منشیات کے عادی بناکر مفلوج کررہی ہے تمام معاشرتی اکائیاں اس برائی کے خاتمے کے لیے آگے آئیں۔بحثیت قوم ہمیں اپنی نسل نو کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانے کے لئے تمام اسٹک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔نشہ کی حالت میں عبادات قبول نہیں ہوتیں۔نسل نو کی اصلاح کرنے انہیں گمراہی سے روکے رکھنا ہم سب کی زمہ داری ہے۔منشیات وہ لعنت ہے جوکسی زبان ،قوم اور حیثیت کو نہیں مانتی یہ افسوسناک امر ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں منشیات کا مرکز بنائیں گے ہیں۔اور طلباء و طالبات اس لعنت میں مبتلا ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں پولیو،دہشگردی،جہالت،عدم برداشت اور منشیات بڑا مسئلہ ہے۔تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام ضروری ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہاکہ اسلام میں منشیات کی کوئی گنجائش نہیں قرآن مجید میں منشیات کو شیطان کے کام اور حرام قرار دیاگیا ہے۔علماء کرام کا کردار معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں اہمیت کا حامل ہے وہ معاشرے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زمینداران نے کہا کہ زمینداروں کو دیگر فصلیں اگانے کی جانب راغب کرنے لیے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔زمیندار پوست کی کاشت کی حوصلے افزائی نہیں کریں گے اور اس برائی کو ہر صورت حکومت کے اقدامات کی حمایت کریں گے۔اس سال پوست کی کاشت کی کاشت کو روکنا ہے۔انہوں نے کہاکہ منشیات کا عادی ایک فرد پورے خاندان اور پورے معاشرے کے لیے درد سر بن جاتا ہے۔اس ناسور سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ہمیں خلوص نیت سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔آگاہی پروگرام کا مقصد لوگوں میں احساس زمہ داری بیدار کرنا ہوگا اور ڈرگ اسمگلنگ اور کاروباری حضرات کی حوصلے شکنی کرنی چائیے۔حکومتی ادارے اور اے این ایف منشیات کے خاتمے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔سیمنیار سے دیگر علماء کرام،زمینداران،سماجی کارکن،قبائلی عمائدین اور بلدیاتی نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔