’خود کشی کے خیال آتے تھے‘ طلاق کے بعد اے آر رحمان پہلی بار منظرِ عام پر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کا کہنا ہے کہ انہیں جوانی میں خود کشی کے خیال آتے تھے۔
سائرہ بانو سے علیحدگی کا اعلان کرنے کے ایک ہفتہ بعد معروف موسیقار اے آر رحمان نے حال ہی میں بھارت کے شہر گوا میں 55 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں شرکت کی۔ اہلیہ سے علیحدگی کے بعد اے آر رحمان پہلی بار منظرِ عام پر آئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ موسیقی انسان کی گہری ضرورتوں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جو جسمانی خواہشات ، تشدد اور جنسی تعلقات سے بڑھ کر ہیں، موسیقار کے مطابق ہم سب کو ذہنی صحت کے مسائل ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ ہم سب کی زندگی میں ایک خلا ہے اور اس خلا کو ہم کہانیوں، فلسفے اور تفریح کے ذریعے پُر کر سکتے ہیں کہ آپ کو پتہ بھی نہ چلے اور آپ دوا لے رہے ہوں۔
اپنے جوانی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے اے آر رحمان نے کہا جب وہ جوان تھے تو انہیں خودکشی کے خیالات آتے تھے لیکن ان کی والدہ کہتی تھیں کہ جب آپ دوسروں کے لیے جیتے ہیں توخود غرض نہیں بنتے، اور دوسروں کے لیے جئیں گے تو خود کشی کے خیالات بھی نہیں آئیں گے، اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بات کو بہت سنجیدگی سے لیا۔
موسیقار کا کہنا تھا کہ چند چیزیں ایسی ہیں جو ہماری زندگی کو جاری رکھتی ہیں جیسے کے کسی کو دیکھ کر مسکرانا، کسی ایسے شخص کے لیے کھانا خریدنا جو اسے نہیں خرید سکتا بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے مستقبل کے بارے میں بہت محدود معلومات ہیں اور یہ وہ چیزیں ہیں جو ہمیں جیتے رہنے کے لیے اُمید دیتی ہیں۔
اے آر رحمان نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کوئی غیر معمولی چیز ہمارا انتظار کر رہی ہو اور امید ہی وہ واحد چیز ہے جو آگے بڑھتے رہنے کی طاقت دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبھی کبھی انہیں لگتا ہے کہ انہوں نے سب کچھ کر لیا ہےاور اب ایک ہی طرح کی روزمرہ روٹین میں ہیں لیکن پھر احساس ہوتا ہے کہ آپ کی زندگی میں ایک بڑا مقصد ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے معروف موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے اے آر رحمان اور سائرہ کی علیحدگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی، جوڑے کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹیاں خدیجہ اور رحیمہ جبکہ ایک بیٹا امین شامل ہیں۔