پنجاب

پی ٹی آئی کے شرپسندوں کو کڑی سے کڑی سزا دلوائیں گے:وزیر اعلیٰ کی سی ایم ایچ راولپنڈی میں زخمی سیکیورٹی اہلکاروں سے گفتگو

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں زخمی اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے سی ایم ایچ راولپنڈی پہنچ گئیں -وزیرا علیٰ نے سی ایم ایچ میں زیر علاج رینجرز اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی -وزیر اعلیٰ فرداً فرداً ہر زخمی اہلکار کے پاس خود گئیں اورخیریت دریافت کی-وزیراعلیٰ مریم نواز نے زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کے بلند حوصلوں اور فرض شناسی کو سراہا -زیر علاج زخمی اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کو احتجاج کے دوران پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کے بارے میں بتایا –

زخمی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز نے پولیس پر نزدیک سے نشانہ لیکر فائرنگ کی۔ مظاہرین نے کیل والے ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین کے تشدد سے بیشتر پولیس اہلکاروں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں بعض کی آنکھیں متاثر ہوئیں۔ مظاہرین کے بے رحمانہ تشدد سے ایک اہلکار کی کھوپڑی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔

وزیر اعلیٰ نے زخمی اہلکاروں کو تسلی دی اور حوصلہ بڑھایا-زخمی اہلکاروں نے عزم کا اظہار کیاکہ آپ کا دست شفقت رہا تو جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں گے۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کی بیٹے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کرنے والے مظاہرین کو نہیں چھوڑیں گے۔شرپسند جماعت پی ٹی آئی نے ملک کی ترقی روکنے کیلئے انتشار کا راستہ اپنایا-

انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں، املاک اور سیکیورٹی اہلکاروں پرحملے قابل مذمت ہیں -پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کا امن بحال کر رہے ہیں -شرپسند سیاسی جماعت کو جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں پر حملے کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے تھی-وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی مقروض ہے-ہم زخمی سیکیورٹی اہلکاروں اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں -سیکیورٹی اہلکاروں کو زخمی کرنے والے پی ٹی آئی کے شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے-ان شرپسندوں کو کڑی سے کڑی سزا دلوائیں گے جو مثال بنے گی-

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *