کس سینیئر اداکارہ نے بد تمیزی کی، مومنہ اقبال بول پڑیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ مومنہ اقبال نے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں سینئر آرٹسٹ کی جانب سے کیے جانے والے ناروا سلوک پر خاموشی توڑ دی۔
مومنہ اقبال نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان تابش ہاشمی نے ان سے سوال کیا کہ کیا یہ بات سچ ہے کہ ایک سینئر اداکارہ نے آپ سے ملنے سے انکار کر دیا تھا؟
مومنہ اقبال نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا علم کیسے ہوا ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے اداکارہ کا نام لینے سے انکار کر دیا۔ مومنہ اقبال نے کہا کہ جب وہ نئی نئی انڈسٹری میں آئیں تو انہیں ایک پراجیکٹ میں کام کرنے کا موقع ملا جس کی کاسٹ میں بڑی اور نامور شخصیات تھیں، وہ بہت گھبرائی ہوئی تھیں کہ ان کے ساتھ کیسے کام کریں گی۔
اداکارہ کہتی ہیں کہ ایک دن وہ میک اپ کروا تھیں کہ اس دوران ایک سینیئر اداکارہ آئیں تو وہ احتراماً کھڑی ہوگئیں اور جب ان سے ملنے کے لیے آگے بڑھیں تو انہوں نے ملنے سے انکار کر دیا اور میک اپ آرٹسٹ سے پوچھا کہ ’کون ہے یہ؟‘ اور انہیں نطر انداز کر کے برابر والی نشست پر بیٹھ گئیں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے پھر بھی اس اداکارہ کو سلام کیا اور ’آرٹسٹ سے کہا کہ میرے بال بنا دو تو آرٹسٹ نے جواباً کہا کہ پہلے سینئر اداکارہ کو تیار کرنا ہے لہٰذا آپ یہاں سے اُٹھ جائیں لیکن میں نے صاف انکار کر دیا اور میک اپ کروا کر ہی وہاں سے اٹھی‘۔
مومنہ اقبال کہتی ہیں کہ یہ ان کے والدین کی تربیت ہے کہ انہوں نے سینئر اداکارہ کو سلام کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا ماننا ہے سینئر فنکاروں کی عزت کرنی چاہیے اور وہ کرتی بھی ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ سیٹ پر اکثر غصہ ہو جاتی ہیں اور چیخنے چلانے لگتی ہیں مگر جب سینئر سامنے بیٹھے ہوں تو ایسا کرنے سے پرہیز کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال کا شمار پاکستان کی مشہور اور خوبصورت ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور پھر انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا جہاں انہوں نے ’پارلر والی لڑکی‘، ’عہد وفا‘، ’خدا اور محبت 3‘ جیسے ڈراموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے مقبولیت حاصل کی۔