جی میل کا صارفین کیلئے دلچسپ فیچرمتعارف
لاہور(قدرت روزنامہ) دنیا کی مقبول ترین ای میل سروس جی میل نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا اور مددگار فیچر متعارف کروا دیا ہے جو غلط ایڈریس فیلڈ میں کانٹیکٹ ڈالنے کے مسئلے کو حل کرتا ہے۔
گوگل کے مطابق اینڈرائیڈ پر جی میل ایپ میں اگر کسی کانٹیکٹ کو غلطی سے To ، CC ، یا BCC فیلڈ میں ڈال دیا جائے تو اب اسے ڈیلیٹ کرنے اور دوبارہ ٹائپ کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
نئے فیچر کے ذریعے صارفین کانٹیکٹ کو انگلی کی مدد سے ڈریگ کرکے صحیح فیلڈ میں منتقل کر سکتے ہیں چاہے وہ To سے CC میں ہو یا CC سے BCC میں ہو۔
یہ فیچر صرف ورک اسپیس سبسکرائبرز کے لیے نہیں بلکہ جی میل کے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ گوگل نے کہا ہے کہ اس فیچر کی فراہمی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور آئندہ 15 دن کے اندر تمام صارفین اس سے مستفید ہو سکیں گے۔
قبل ازیں گوگل نے جی میل کے لیے سرچ رزلٹ سورٹنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، جس سے صارفین اپنے سرچ رزلٹس کو Most Relevant یا Most Recent کے فلٹرز کے ذریعے ترتیب دے سکتے ہیں۔
یہ نیا فیچر جی میل کو مزید صارف دوست بنانے کی گوگل کی کاوشوں کا حصہ ہے، ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ سروس کے استعمال کو مزید آسان اور موثر بنا دے گا۔