گھر کا کچن چلانے والی خواتین خصوصی طور پر مہنگائی سے پریشان ہیں، بلاول
کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گھر کا کچن چلانے والی خواتین خصوصی طور پر مہنگائی سے پریشان ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی سندھ کے شعبہ خواتین کی سیکریٹری اطلاعات و رکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید کی ملاقات ہوئی جس میں خواتین کی فلاح و بہبود سمیت سیاسی امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں سعید جاوید نے بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی کی میڈیا اسٹریٹجی سمیت دیگر معاملات پر مشورے دیئے۔ پی پی پی سندھ کے شعبہ خواتین کی سیکریٹری اطلاعات و رکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھی ہے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سعدیہ جاوید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں خواتین ونگ کا اہم کردار ہے ،آپ سمیت تمام خواتین کی پارٹی کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔ گھر کا کچن چلانے والی خواتین خصوصی طور پر مہنگائی سے پریشان ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی تھی جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شہر قائد میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیل سے آگاہ کیا تھا۔ملاقات میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات دیں تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ کیماڑی سے سہراب گوٹھ تک کراچی کے ہر علاقے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا تھا کہ کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے انتہائی قلیل مدت میں دیرپا مسائل کا فوری حل ایک اچھی ابتدا ہے، کراچی شہر کی ترقی میں تسلسل کے حوالے سے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔