پیٹرول کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے ، مراد علی شاہ

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل حکومت کو آئینہ دکھانے کے لیے عوام اکٹھی ہوئی ہے ، آپ پاکستان سے نکلیں کیونکہ جب تک آپ پاکستان میں ہیں تب تک مہنگائی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ چینی پہلے پچاس روپے کلو تھی اب 115 تک پہنچ گئی ہے ، ان کو شرم عوام دلائے گی اور چلو بھر پانی میں ڈوب کر یہ مریں گے ، جو بڑے بڑے ارسطو لا کر بٹھائے گئے، وہ کہتے ہیں ملک ترقی کر رہا ہے اس لیے مہنگائی ہو رہی ہے، یہ ترقی آپ اپنے گھرپر رکھیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کی مدد سے بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم بنے گا اور مہنگائی سے نجات دلائے گا ، ایک ارسطو نے مہنگائی کا جواب دیا کہ ڈالر بڑھنا اچھی بات ہے کیونکہ اس کی ساری انیوسٹمنٹ باہر ڈالرز میں ہے ، عمران خان کہتا تھا جب ڈالر اوپر جاتا ہے تو حکمران چور ہوتے اب آپ بتائیں کون چور ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان بہت جلد جا رہے ہیں، آپ نے گھبرانا نہیں ، بلاول بھٹو زرداری کی کال پر پورے پاکستان میں دھرنے ہو رہے ہیں ، یہ مظلوموں اور کسانوں کی آواز ہے، اس نااہل حکومت سے نجات پائیں گے۔