ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے بارے میں مکمل معلومات جو آپ جاننا چاہتے ہیں؟
لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز آج ’ہونہار اسکالرشپ پروگرام‘ کا افتتاح کریں گی جسے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالرشپ منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔افتتاحی تقریب پنجاب یونیورسٹی میں منعقد ہوگی۔
ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت 68 سے زائد شعبوں میں 65 سرکاری و نجی جامعات، 12 میڈیکل اور ڈینٹل کالجز اور 359 کالجز کے 30000 سے زائد طلبہ کو سالانہ وظائف دیے جائیں گے۔
یہ پروگرام تعلیمی ترقی کو فروغ دینے اور طلبہ کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔پروگرام کمیٹی نے حال ہی میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام 2024 کی عبوری میرٹ لسٹس جاری کی ہیں جو کہ دستاویزات کی تصدیق اور خاندان کی ماہانہ آمدنی کے معیار پر پورا اترنے کے بعد حتمی ہوں گی۔
منتخب امیدواروں کے انٹرویوز، دستاویزات کی تصدیق اور اہلیت کی جانچ کے لیے ادارہ جاتی کمیٹی اور اسکروٹنی و ایوارڈ کمیٹی ان معاملات کو دیکھیں گی۔
پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں ابتدائی طور پر 20566 درخواست گزاروں کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی عبوری میرٹ لسٹ میں 4820 طلبہ شامل ہیں۔
میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے 1367 درخواست دہندگان کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کالجز کے 3247 طلبہ کو بھی مالی امداد دی گئی ہے۔
ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت 30000 طلبہ کو ہر سال 130000 روپے دیے جائیں گے، جو کہ آٹھ سال تک تعلیمی اخراجات کو پورا کریں گے۔
پروگرام کا ہدف اگلے چار سالوں میں 4 ملین سے زائد طلبہ کو فائدہ پہنچانا ہے اور مجموعی طور پر 20 ملین وظائف دینے کا منصوبہ ہے۔
پروگرام کے لیے سخت اہلیت کے معیار مقرر کیے گئے ہیں:
درخواست دہندگان کا تعلق صرف پنجاب کے کسی بھی ضلع سے ہونا چاہیے۔
عمر 22 سال سے کم ہو۔
ماہانہ آمدنی 300000 روپے سے کم ہو۔
2024 کے فعال سیشن میں مخصوص شعبوں کے تحت نامزد جامعات یا کالجز میں داخلہ لیا ہوا ہو۔
اس اسکالرشپ کے تحت منتخب طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس پنجاب حکومت برداشت کرے گی جو مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو مالی امداد فراہم کرے گا۔