کسی کی بھی آخری رسومات میں شرکت پر پیسے ملتے تھے، بالی ووڈ اداکار چنکی پانڈے کا انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکار چنکی پانڈے نے اپنے کیرئیر کے ابتدائی دنوں کا ایک دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ کیرئیر کے آغاز میں وہ کسی بھی قسم کے ایونٹ میں شرکت کر لیا کرتے تھے پھر چاہے وہ شادی کی تقریب ہو، سالگرہ ہو، بچے کی پیدائش کے بعد پہلی بار بال کٹوانے کی تقریب ہو یا کسی کا جنازہ۔ چنکی پانڈے کا کہنا تھا کہ کیرئیر کی ابتدا میں ان کی آمدنی کا انحصار ایسے ہی ایونٹس پر ہوتا تھا۔
’دی گریٹ انڈیا کپل شو‘ میں چنکی نے انکشاف کیا کہ ایک بار ایک ایونٹ آرگنائزر نے انہیں فون کیا اور ایک تقریب میں آنے کے لیے درخواست کرتے ہوئے اچھے پیسے دینے کا وعدہ کیا اور چنکی سے کہا گیا کہ وہ سفید کپڑے پہن کر آئیں۔
جب وہ اس مقام پر پہنچے تو دیکھا کہ کئی لوگ سفید کپڑوں میں ملبوس باہر کھڑے ہیں۔ جیسے ہی وہ اندر داخل ہوئے انہوں نے محسوس کیا کہ سب کی نظریں ان پر تھیں، لوگ انہیں دیکھ رہے تھے اور سرگوشی کررہے تھے یہ چنکی پانڈے ہیں جس پر انہیں عجیب سا لگا۔
صورتحال تب واضح ہوئی جب انہوں نے ایک میت کو دیکھا اور سمجھا کہ وہ غلطی سے کسی کی آخری رسومات کی تقریب میں آ گئے ہیں لیکن کچھ دیر بعد آرگنائز نے انہیں سائیڈ پر بلایا اور کہا کہ جناب پریشان نہ ہوں آپ کی رقم کا پیکٹ میرے پاس موجود ہے، لیکن فیملی نے کہا ہے کہ اگر آپ روئے تو زیادہ رقم ملے گی۔