اڈیالہ جیل میں آج جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت، عمران خان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، شبلی فراز ، شیریں مزاری،زرتاج گل ،زین قریشی ،طیبہ راجہ کو گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم


راول پنڈی(قدرت روزنامہ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ آج اڈیالہ جیل میں 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کریں گے۔
عمر ایوب، زرتاج گل، راشد شفیق، صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی، جاوید کوثر، ساجد قریشی، مسرت جمشید چیمہ، محمد احمد چھٹہ، عثمان ڈار اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔
عدالت نے تمام ملزمان کو آج طلب کیا ہے اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 120 ملزمان پر فرد جرم عائد ہوگی۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنیکی درخواست بھی سنی جائیگی اور فیصلہ کیا جائیگا۔ ملزم سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی لاہور جیل سے طلب کیا گیا ہے۔
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، شبلی فراز ، شیریں مزاری،زرتاج گل ،زین قریشی ،طیبہ راجہ کو گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم دیا ہے۔
ان کے ساتھ ساتھ دیگر تمام غیر حاضر 45 ملزمان کو بھی گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم ہے ۔ وارنٹ گرفتاری والے ملزمان پیش نا ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دینے کی قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔