’لارنس بشنوئی کو بلاؤں کیا‘، نامعلوم شخص کی سلمان خان کو سیٹ پر دھمکی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو ایک نامعلوم فرد نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام کی دھمکی دے دی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک شخص غیر قانونی طور پر اداکار سلمان خان کے شوٹنگ سیٹ پر گھس آیا اور جب سلمان خان کی سیکیورٹی نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے انہیں دھمکی دی اور کہا کہ ’میں لارنس بشنوئی کو بلاؤں کیا‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس شخص کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا اور پوچھ گچھ کے لیے شیوا جی پارک تھانے میں بھیج دیا گیا۔
سلمان خان اور بشنوئی گینگ کے درمیان دشمنی کا آغاز 1998 میں بالی وڈ کی کامیاب ترین فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاؤں میں 2 نایاب کالے ہرنوں کے شکار سے متعلق لگائے الزام سے ہوا۔
رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان، سیف علی خان اور تبو پر کالے ہرن کا شکار کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جس کے بعد سے سلمان خان کو بشنوئی گینگ اور ان کے افراد کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے۔
سلمان خان کو 2018 میں راجستھان ہائیکورٹ نے کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے لیے مجرم قرار دیا تھا لیکن اس کے بعد وہ ضمانت پر ہیں۔
یاد رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔
بعدازاں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، دورانِ تفتیش معلوم ہوا تھا کہ فائرنگ کے پیچھے گینگسٹر لارنس بشنوئی کا ہاتھ ہے۔ ملزمان نے پولیس کو بتایا تھا کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے لیے 4 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔
واضح رہے کے سلمان خان اس وقت اپنی آنے والی فلم سکندر کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بگ باس 18 کی میزبانی بھی کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فلم سکندر 2025 میں عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔