بٹ کوائن کی قیمت تاریخی اضافے کیساتھ ایک لاکھ ڈالرز سے تجاوز کرگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قدر میں اضافے کے بعد قیمت ایک لاکھ ڈالر (یعنی 2کروڑ 77لاکھ پاکستانی روپے) سے زائد ہوگئی ہے۔
2024 کے آغاز سے اب تک بٹ کوائن کی قیمت میں 140فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اور امریکی صدارتی انتخابات کے بعد سے 48 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت بڑھنے کی وجہ حال ہی میں ہونے والے امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کو قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ بٹ کوائن نے ایک لاکھ ڈالرز کی حد اس وقت عبور کی جب ڈونلڈ ٹرمپ نے پال ایٹکنز کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا سربراہ مقرر کیا ہے۔
پال ایٹکنز کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ کرپٹو کرنسیوں پر پابندیوں کو نرم کرنے کے حامی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم میں کرپٹو کرنسیوں میں دلچسپی کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس وقت کرپٹو کرنسیوں کی قدر کا انحصار امریکی پالیسیوں پرہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بٹ کوائن کی قدر میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔
تاہم، اس حوالے سے امریکا میں قیاس آرائیاں بھی کی جارہی تھیں کہ کرپٹو کرنسی ڈالر کی حریف ہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ درحقیقت سونے کی حریف ہے۔