رات کے وقت گیس لوڈ شیڈنگ کی شدید الفاظ میں مذمت ،گھروں میں حادثات کے خطرات بڑھ گئے ،جے یوآئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے گیس کی رات کے وقت لوڈ شیڈنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کمپنی کی غیر ذمہ دارانہ پالیسی کے باعث گھروں میں حادثات کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رات کے وقت گیس بند ہونے اور اچانک بحالی کے دوران گیس کی چابی بند نہ کرنے ،لیکیج اور دیگر مسائل پیش آ سکتے ہیں، جس سے جان و مال کے نقصان کا خدشہ رہتا ہے۔انہوں نے گیس کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لوڈ شیڈنگ کے دوران حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائے اور صارفین کو بروقت مطلع کرے۔ اگر گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث کوئی حادثہ پیش آیا، تو اس کی تمام تر ذمہ داری گیس کمپنی پر عائد ہوگی۔