عوامی منصوبوں کی وجہ سے شیخوپورہ میں بھاری مارجن سے جیتے، عظمیٰ بخاری

بشریٰ بی بی ایک شہید کے گھر گئیں مگر عدالت نہیں گئیں کیونکہ وہاں ہیروں کا جواب دینا پڑے گا، وزیر اطلاعات


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کے عوامی منصوبوں کی وجہ شیخوپورہ میں بھاری مارجن سے کامیابی ملی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شیخوپورہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے تاریخی فتح حاصل کی، پہلے 18 ہزار اب 22 ہزار کی لیڈ سے جیت ہوئی، جب جب پنجاب میں لوگوں کو فساد کی کال دی تو اسے لوگوں نے مسترد کردیا۔ بشریٰ بی بی ایک شہید کے گھر گئیں جنہیں کے پی حکومت نے ایک کروڑ روپے دیے مگر عدالت نہیں گئیں کیونکہ وہاں ہیروں کا جواب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان کے اداروں کے خلاف بیانیہ کو مسترد کیا، آج بھی یہ بات طے ہے ن لیگ پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی ہے اور آئندہ بھی بڑی پارٹی ہوگی، فارم 47 کا طعنہ دینے والوں کے پاس ترقی دیکھ کر کچھ کہنے کو نہیں رہا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ خوشی کی خبر ہے کہ فتنہ فساد پارٹی جو ہر وقت روتی پیٹتی رہتی ہے کہ وہ بڑے مقبول ہیں اب سوشل میڈیا پر بھی مقبول نہیں رہی، ضمنی انتخابات میں انہیں بدترین شکست ہوئی ہے، یہ اپنے دور حکومت میں بھی جیتنے کے قابل نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے 54 ارب روپے کے ذریعے چودہ روپے سے فی یونٹ ریلیف دیا، جہاں جہاں کم سے کم تنخواہ نہیں مل رہی وہاں زیرو ٹالرنس ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فائلوں اور نعروں کیلئے منصوبے نہیں بنائے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڑسٹھ ہزار طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع مریم نواز نے دیا ہے، تیس ہزار بچوں کو اسکالر شپ دی گئی، ہم نے بچوں کے ہاتھوں میں کیلوں والے ڈنڈے نہیں دیے، 130 ارب روپے کا اسکالر شپ پروگرام ہے جس میں پانچ سالہ ڈگری کی ٹیوشن فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ فری سولر پینل پروگرام کی لانچنگ کردی گئی ہے، آن لائن پورٹل اور ایس ایم ایس سروس سے اسکیم میں شامل ہو سکتے ہیں، ایک لاکھ سولر سسٹم دئیے جائیں گے اور دو سو یونٹ والوں کو مفت دیں گے، سو یونٹ ماہانہ صارفین کو پانچ سو پچاس واٹ کا سولر سسٹم مفت دوسو یونٹ والوں کو گیارہ سو وولٹ کا سولر سسٹم دیں گے، سولر پروگرام دیا نہیں بلکہ فکس اور انسٹالیشن بھی کریں گے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو جوکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے مذہب کارڈ اور سائفر کارڈ سمیت دیگر کارڈ کھیلے گئے اب معافی کارڈ دے دیں تو قوم شکر ادا کرے گی۔ بشریٰ بی بی محرم کے بغیر نہیں نکلتیں، پردہ بہت کرتی ہیں مگر لانگ مارچ میں پردے اور محرم کی شرط نہیں تھی۔ ایک شہید کے گھر گئیں جنہیں کے پی حکومت نے ایک کروڑ روپے دیے مگر عدالت نہیں گئیں کیونکہ وہاں ہیروں کا جواب دینا پڑے گا۔
وزیراطلاعات نے گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں پیش آنیوالے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ لڑکے کے قتل پر تفتیش چل رہی ہے، گاڑی میں ایک دوست کے پاس اسلحہ موجود تھا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب پختون کارڈ باہر آ گیا ہے۔ میتوں کے جنازہ ہوتے ہیں کہاں ہیں وہ میتیں؟ اسکول میں تو باپ بیٹے کے ساتھ بیٹھا نظر آیا، سیاسی گِدھوں کو لاشوں پر کاروبار کرنا ہے، لسانیت کارڈ چلنے نہیں دیں گے۔