سندھ میں جولائی تا نومبر ساڑھے 6 ارب سے زائد موٹر وہیکل ٹیکس وصول

عوام دوست اصلاحات متعارف کروائی جائیں تاکہ ٹیکس جمع کروانے کا عمل مزید آسان بنایا جا سکے، چیف سیکرٹری


کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ میں جولائی تا نومبر ساڑھے 6 ارب روپے سے زائد موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا گیا۔
چیف سیکرٹری سندھ نے موٹر وہیکل ٹیکس کو ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید آسان اور شفاف بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی سہولت اور شفافیت کے لیے موٹر وہیکل ٹیکس میں انسانی مداخلت کو کم کیا جائے۔
محکمہ ایکسائز کا اہم اجلاس چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی صدارت میں ہوا، جس میں سیکرٹری ایکسائز، سیکرٹری امپلی مینٹیشن سمیت محکمہ ایکسائز کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
محکمہ ایکسائز کے افسران نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2024-25 میں اب تک موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 6532 ملین روپے (6 ارب روپے سے زائد) جمع ہوئے ہیں۔ پروفیشنل ٹیکس 707 ملین روپے، انفرا اسٹرکچر کی مد میں 85172 ملین روپے جمع ہوئے ہیں۔ اسی طرح انٹرنیٹ ڈیوٹی میں 150 ملین، کاٹن فی کی مد میں 377 ملین روپے ٹیکس جمع ہوئے ہیں۔
چیف سیکرٹری نے محکمہ ایکسائز کے افسران کو ہدایت کی کہ ٹیکس دہندگان کے لیے 3 سے 5 سال کے پیشگی ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت متعارف کروائی جائے۔ محکمہ ایکسائز کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 6 انفراسٹرکچر اور ایک آئی ٹی منصوبہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ عوام دوست اصلاحات متعارف کروائے تاکہ ٹیکس جمع کروانے کا عمل مزید آسان بنایا جا سکے۔ بائیومیٹرک تصدیق اور کیش لیس ٹرانزیکشنز کے ذریعے موٹر وہیکل رجسٹریشن مزید آسان ہوگی۔