جے یو آئی نے مدارس بل منظور نہ ہونے پر حکومت کو اسلام آباد مارچ کی دھمکی دیدی

صدر آصف زرداری نے بل واپس بھیج دیا تھا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری نے دینی مدارس بل کی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو دی گئی 8 دسمبر کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد اگلے لائحہ عمل سے خبردار کردیا۔
جے یو آئی کے جنرل سیکرٹری مولانا عبد الغفور حیدری نے خبردار کیا ہے کہ 8 دسمبر تک دینی مدارس سے متعلق بل منظور نہ کیا گیا تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اس بات کا ادراک ہے کہ ملک اس وقت ایسی کسی چیز کا متحمل نہیں ہوسکتا لیکن ہم مذہبی لوگ ہیں نہیں چاہتے کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے۔
سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہ جمعیت اسلام اور وفاق المدارس کا نہیں بلکہ کے تمام تنظیماتِ مدارس کا ہے۔
خیال رہے کہ دینی مدارس سے متعلق بل اسمبلی سے منظوری کے بعد صدر آصف زرداری کے پاس توثیق کے لیے پہنچا تھا تاہم انھوں نے بل واپس بھیج دیا تھا۔
جس پر سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان بھی صدر مملکت آصف علی زرداری سے نالاں ہیں۔
اس معاملے پر بلاول بھٹو نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی لیکن تاحال معاملہ کھٹائی کا شکار نظر آتا ہے۔
قبل ازیں جے یو آئی کے رہنما حمد اللہ بھی کہہ چکے ہیں کہ صدر آصف زرداری نے دینی مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بل پر دستخط نہ کرکے طبل جنگ بجادیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے متعدد رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ صدر آصف زرداری کی جانب سے بل پر دستخط نہ کیے جانے پر 10 دن بعد یہ بل خود بخود قانون بن چکا ہے اور اب حکومت اس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے۔