موٹرویز اور ریلویز کے ذریعے ممکنہ دہشتگردی اور جرائم کی روک تھام کیلئے کمیٹی قائم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرویز اور ریلویز کے ذریعے ممکنہ دہشتگردی اور جرائم کی روک تھام کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیردفاع خواجہ آصف کو موٹرویز اور ریلویز کے ذریعے ممکنہ دہشتگردی اور جرائم کے روک تھام کیلئے قائم کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی موٹرویز اور ریلوے پولیس کی صلاحیت کا جائزہ لے گی، دہشتگردی اور جرائم روکنے کیلئے ان اداروں کی صلاحیت کو جانچے گی۔
ذرائع کے مطابق نئی بنائی گئی کمیٹی ان اداروں کی استعداد کار، اہلیت بڑھانے اور انہیں بہتر بنانے کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ مذکورہ کمیٹی اپنی تجاویز 2 ہفتوں کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں میری ٹائم سکیورٹی ورک شاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے، دہشتگردی کی لعنت ختم کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کو مٹانے کا عزم غیر متزلزل ہے، ہماری سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف روز قربانیاں دے رہی ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار لوگ شہید اور معیشت کو 3 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں ہم نے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کردیا تھا، بدقسمتی سے دہشتگردی کے ناسور نے اب دوبارہ سر اٹھا لیا ہے، حکومت اور افواج پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔