کے پی حکومت کی انتہا پسند سیاست کا خمیازہ صوبے کے عوام بھگت رہے ہیں: بلاول


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت اپنے صوبے کے عوام کی خدمت کے بجائے انتہا پسند سیاست میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی انتہا پسند سیاست کا خمیازہ صوبے کے عوام بھگت رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی مگر اس نے انکار کردیا، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے اپنا فرض ادا نہیں کیا۔
بلاول بھٹو نے گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کاوشوں کا خیرمقدم کیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی تھی جس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔
آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں امن کے قیام میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں، کرم میں فسادات کی آگ میں 200 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں جبکہ گزشتہ ماہ 70 سے زائد سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
آل پارٹیز کانفرنس میں خیبرپختونخوا کے مالی اور سیاسی مفادات کیلئے سیاسی اور ٹیکنیکل کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ ہوا، کمیٹیاں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کریں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فوری 11 واں این ایف سی ایوارڈ اور ضم اضلاع کیلئے مختص 3 فیصد واجب الادا رقم جاری کی جائے۔
اے پی سی نے پرامن پشتونوں کو دوسرے صوبوں اور دارالحکومت اسلام آباد میں بے جا تنگ نہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی طلب کردہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔