فارم 47 کی جعلی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے سمیت ہر قسم کے اختیارات سے محروم ہیں ،خوشحال خان کاکڑ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کی قیادت میں پارٹی وفد نے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبد الخالق ہزارہ ، نائب چیئرمین رضا حسین ہزارہ سے اْنکے مرکزی دفتر علمدار روڈ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، اِس دو قومی صوبے میں تمام عوام کو درپیش مشکلات اور لاقانونیت و بدامنی کے واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اِس موقع پر رہنماؤں نے اس صوبے اور ملک میں انتہا پسندی، دہشت گردی، اغواء گردی، قبضہ گیری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اِس سے فارم 47 کی جعلی حکومتوں کی عوام دشمنی پر مبنی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ اور کہا کہ فارم 47 کے جعلی نمائندوں کی نام نہاد حکومت غیور عوام کی نمائندہ نہیں اور زور زبردستی، دھاندلی اور رشورت خوری کے ذریعے اِن نام نہاد حکومتوں کو عوام پر مسلط کیا گیا۔ اور اِن نام نہاد جعلی نمائندوں کی حکومتیں عوام کے مسائل حل کرنے سمیت ہر قسم کے اختیارات سے محروم ہیں اور ہمارے غیور عوام اِن عناصر کی ضرور احتساب کرے گی۔ انہوں نے ضلع کرم میں بے گناہ انسانوں کے قتل اور کشت و خون کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اْنکے سیکورٹی فورسز کی جانب سے بروقت امن و امان کے اقدامات نہ کرنے اور سازش کے طور پر فرقہ واریت کے نام پر معصوم عوام کو لڑانے کی مذمّت کی گئی اور ضلع کرم میں مستقل بنیادوں پر امن و امان اور بھائی چارے کے ماحول کو قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر سمیت اْنکے اطراف اور مختلف علاقوں میں لاقانونیت، دہشت گردی، اغواء برائے تاوان اور قبضہ گیری کے واقعات معمول بن چکا ہے اور معصوم طالب علم مصور کاکڑ کا اغواء اور ابھی تک اْنکی باحفاظت عدم بازیابی، حکومت اور اْنکے اداروں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ ملاقات میں کوئٹہ سمیت صوبے میں برادر اقوام کے درمیان بھائی چارے کی فضاء پروان چڑھانے اور نام نہاد فارم 47 کی حکومتوں کے عوام دشمن پالیسیوں اور عوام دشمن اقدامات کے خلاف جمہوری قوتوں کے درمیان مزید ہم اہنگی کی کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ اِس ملاقات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 262 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 پر متوقع انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا گیا کہ سیاسی جمہوری وطن دوست پارٹیوں کی اہم مسائل پر اتفاق رائے رہی ہے اور آئندہ بھی مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدو جہد کو ترجیح دی جائیگی۔ پشتونخوا نیپ کے وفد میں سینئر سیکرٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، مرکزی سیکرٹری مالیات یوسف خان کاکڑ ، صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے ، صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی اور محمود علی کاکڑ شامل تھے۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سابق ایم پی اے قادر نائل ، عبد العلی ہزارہ ، ایڈووکیٹ مجتبیٰ زاہد ، غلام علی ہزارہ ، داؤد چنگیزی اور مرکزی کونسل کے دیگر اراکین موجود تھے۔