عزیر بلوچ کی 12 سالہ بھتیجی پہلی بار منظر عام پر آگئی
والد زبیر بلوچ کی گھر واپسی کے لئے ہاتھ جوڑ کر دہائیاں
کراچی(قدرت روزنامہ)لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی 12 سالہ بھتیجی اور زبیر بلوچ کی بیٹی پہلی بار منظر عام پر آگئی۔
گینگ وار کارندے زبیر بلوچ کی 12 سالہ بیٹی عبرہ زبیر نے اپنے ویڈیو بیان میں والد کی گھر واپسی کے لئے ہاتھ جوڑ کر دہائیاں دیتے ہوئے اُس کے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا۔ دوبارہ گرفتاری کو دشمنوں کی سازش قرار دیتے ہوئے بری کرنے کی اپیل بھی کردی۔
12 سالہ عبرہ نے کہا کہ ہمارے دشمن موجود ہیں اور یہ ہمارے دشمنوں کی سازش بھی ہوسکتی ہے، جب میں 12 سال قبل 3 ماہ کی تھی تو اس وقت میرے بابا زبیر بلوچ کو جھوٹے مقدمات میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔
عبرہ زبیر نے کہا کہ اب جب 12 سال بعد والد ضمانت پر گھر واپس آئے تو آدھی رات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کرلیا، میرے بابا کے خلاف دو جھوٹے مقدمات بنادیے گئے۔ اب انہیں ایک تھانے سے دوسرے تھانے اور دوسرے تھانے سے تیسرے تھانے لیکر جارہے ہیں۔
عبرہ نے کہا کہ ہم نے میرے بابا کو سیکورٹی فراہم کرنے کا کہا مگر وہ بھی نہیں کیا جارہا، اگر میرے بابا کو کچھ ہوا تو قانون نافذ کرنے والے ادارے ذمہ دار ہوں گے۔
عبرہ زبیر نے کہا کہ میرا بچپن میرے بابا کے پیار کے بنا گزر گیا، میں اپنے بابا کو گلے بھی نہیں لگا سکتی ہوں، میں ترس رہی ہوں اپنے بابا کو گلے لگانے کے لئے ، میں معصوم سی بچی ہوں، میں ہاتھ جوڑ کر کہنا چاہتی ہوں اللہ کے واسطے میرے بابا کو واپس کردیں، میرے بابا اور چاچو کو جلد سے جلد بری کیا جائے۔