آدمی نے اچانک اپنی ایک کروڑ کی نوکری چھوڑ دی، وجہ ایسی کہ نوکری پیشہ لوگ سوچنے پر مجبور ہوجائیں
نئی دلی(قدرت روزنامہ)ایک بھارتی شہری نے بنا کسی جاب آفر کے اپنی اچھی خاصی نوکری چھوڑ دی۔ ورون حیسجہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا “سب سے مشکل فیصلہ” کیا جب انہوں نے اپنی پروڈکٹ مینجمنٹ کی جاب چھوڑ دی، جس سے وہ سالانہ ایک کروڑ روپے سے زیادہ کما رہے تھے۔ “کوئی منصوبہ نہیں، کوئی بیک اپ نہیں۔ بس یہ فیصلہ کہ مجھے ایک وقفے کی ضرورت ہے، ایک حقیقی وقفہ، جو میں نے اپنی ایک دہائی طویل کریئر میں پہلی بار لیا۔”
ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے ورون نے کہا کہ یہ فیصلہ جذباتی نہیں تھا بلکہ ایک فریم ورک کا نتیجہ تھا جس کی پیروی انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کام کے انتخاب اور کردار کے بارے میں فیصلہ کرتے وقت تین نکات دیکھتے ہیں۔ پہلا ہے خوشی۔ “اگر آپ کا ورک پلیس آپ کو سکون، جوش یا خوشی نہیں دیتا، تو کیا یہ اس کے قابل ہے؟ میرے لیے کام میں خوشی ضروری ہے، اس کے بغیر میں کچھ بھی کام نہیں کرتا۔”
انہوں نے کہا کہ ان کیلئے دوسری اہم چیز امپیکٹ ہے۔ “جو کام میں کرتا ہوں، اس کا کچھ اثر ہونا چاہیے- چاہے وہ گاہکوں کے لیے ہو، کاروبار کے لیے ہو، یا دونوں کے لیے۔ میں خوشی سے گھنٹوں کسی کاروباری کلائنٹ کا مسئلہ حل کرنے میں گزار سکتا ہوں ۔ کام کا امپیکٹ مجھے آگے بڑھاتا ہے۔”
ورون کے مطابق وہ تیسری چیز دولت کی تخلیق کو دیکھتے ہیں ۔ “اگر میں کسی کمپنی کو پیسہ کمانے میں مدد دے رہا ہوں، تو مجھے بھی دولت تخلیق کرنے کے مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے لکھا یہ بہت کم ہوتا ہے کہ آپ کو اپنے تینوں نکات ایک ہی جگہ مل جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ ایک کروڑ روپے سالانہ سے زیادہ کما رہے تھے لیکن خوشی اور امپیکٹ کے نکات ان کی زندگی سے غائب تھے جس کی وجہ سے انہوں نے بنا کسی جاب آفر کے اپنی یہ نوکری چھوڑ دی۔