اگست 2019 کا اتحاد تنظیمات مدارس اور پی ٹی آئی حکومت کا معاہدہ سامنے آگیا

اتحاد تنظیمات نے مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)‎اگست 2019 کا اتحاد تنظیمات مدارس اور پی ٹی آئی حکومت کا معاہدہ سامنے آگیا، ‎اتحاد تنظیمات نے مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
معاہدہ پی ٹی آئی کے دور حکومت نے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کیا۔ معاہدے میں تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروانے کا پابند کیا گیا۔
‎وزارت تعلیم مدارس کے اعداد و شمار اکٹھے کرنے کی واحد مجاز اتھارٹی تسلیم کی گئی جبکہ ‎رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کو بند کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا۔
‎قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور مدارس کو بینکوں میں اکاؤنٹ کھولنے کا پابند بھی کیا گیا۔ غیر ملکی طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دی گئی اور ‎یکساں نصاب کے اہداف طے کیے گئے۔
‎معاہدہ تعلیمی اصلاحات کے لیے کیا گیا جبکہ حکومت نے مالی امداد اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ ‎معاہدے کو سنگ میل کا درجہ دیا گیا۔
اس حوالے سے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اتحاد تنظیمات مدارس نے کہا تھا ہمیں وزارت داخلہ کے بجائے وزارت تعلیم کے ماتحت کیا جائے، مدارس میں یکساں نصاب کے لیے کوشش کی گئی تھی۔
شفقت محمود نے بتایا کہ یہ بھی طے کیا گیا تھا کہ جو مدارس رجسٹرڈ نہیں انہیں بند کر دیا جائے، معاہدے پر تمام علما کرام کے دستخط موجود تھے اور اب تک 18 ہزار سے زائد مدارس کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے، اس معاہدے کو واپس کرنا بہت مشکل ہوگا۔