کراچی میں تیز رفتار ڈمپر نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

متوفی موٹر سائیکل پر سوار تھا


کراچی(قدرت روزنامہ) شہر میں ڈمپر کی تیز رفتاری نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی جبکہ نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر نے 2 افرد کو روند کر زخمی کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی ایکسپریس وے نجی یونیورسٹی کے قریب ٹریفک حادثے میں 29 سالہ محمد طلحہٰ جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی لاش رکشے میں جناح اسپتال لائی گئی تھی جہاں ڈرائیور نے بتایا کہ متوفی موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ ڈمپر کی ٹکر سے پیش آیا تاہم بلوچ کالونی پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا نارتھ کراچی 2 منٹ چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو روند کر شدید زخمی کر دیا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی شناخت 17 سالہ عبدالحسیب اور 35 سالہ حمزہ کے نام سے کی گئی جبکہ موقع پر موجود مشتعل عوام نے پتھراؤ کر کے ٹینکر کے شیشے توڑ دیا اور جلانے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
زخمی نوجوان کے بھائی ارتضیٰ نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا۔