قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کو طلب، دینی مدارس سے متعلق بل پر غور کا امکان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ )ملک کے ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کا اجلاس 10 دسمبر بروز منگل شام 5 بجے طلب کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے۔قومی اسمبلی کے سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کی طلبی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
10 دسمبر بروز منگل کی شام 5 بجے طلب کئے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایوان کا معمول کا ایجنڈا زیر بحث آئے گا، اس کے علاوہ دینی مدارس سے متعلق قانون سازی کا معاملہ بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے حکومت کو مدارس سے متعلق بل کی منظوری کے لئے آج تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔