دبئی نے دھڑا دھڑ بھارتی شہریوں کی ویزا درخواستیں مسترد کرنا شروع کردیں

دبئی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے دبئی کے لیے سیاحتی ویزا اپلائی کرنے والے بھارتی شہریوں کی درخواستوں کو بڑے پیمانے پر مسترد کرنا شروع کردیا ہے۔ پہلے بھارتی شہریوں کی تقریباً 99 فیصد دبئی ویزا کی درخواستیں منظور کی جاتی تھیں، لیکن اب انتہائی احتیاط سے تیار کی گئی درخواستیں بھی یو اے ای حکام کی جانب سے مسترد کی جا رہی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق حال ہی میں دبئی کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے سیاحتی ویزا کے لیے سخت ضوابط متعارف کروائے ہیں، جن کے تحت مسافروں کو کیو آر کوڈ کے ساتھ ہوٹل کی بکنگ دستاویزات اور واپسی کے ٹکٹ کی کاپی فراہم کرنا لازمی ہے۔ جو مسافر اپنے رشتہ داروں کے ساتھ قیام کریں گے، انہیں رہائش کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق دبئی کے لیے نئے ویزا قوانین کے نافذ ہونے کے بعد روزانہ کم از کم ہر 100 میں سے پانچ سے چھ درخواستیں مسترد ہو رہی ہیں۔ نئے ضوابط کے اطلاق سے پہلے دبئی ویزا مسترد ہونے کی شرح محض ایک سے دو فیصد تھی۔
یہ اقدام مسافروں کے درمیان غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہا ہے، جو نہ صرف ویزا فیس بلکہ پہلے سے بک کیے گئے فلائٹ ٹکٹس اور ہوٹل کی ریزرویشنز پر مالی نقصان کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہسمکھ ٹریولز کے ڈائریکٹر وجے ٹھاکر نے بتایا کہ ان کے دو مسافروں کی دبئی ویزا درخواستیں، جو اپنے رشتہ داروں کے ساتھ قیام کا منصوبہ بنا رہے تھے، حال ہی میں مسترد کر دی گئیں۔
یو اے ای نے حال ہی میں ایک نئی پالیسی متعارف کروائی ہے، جس کے تحت مسافروں کو ویزا درخواست دیتے وقت امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر ہوٹل بکنگ دستاویزات اور واپسی کے ٹکٹس جمع کرانے کی ضرورت ہے۔ یہ دستاویزات پہلے صرف ایئرپورٹ کے افسران کی درخواست پر دکھائی جاتی تھیں۔
مزید برآں، سیاحوں کو یہ ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا کہ ان کے پاس شہر میں قیام کے لیے کافی مالی وسائل ہیں۔ دو ماہ کے ویزا کے لیے درخواست دہندگان کے اکاؤنٹ میں کم از کم پانچ ہزار اماراتی درہم ہونے چاہئیں ۔