انتہائی اقدام پر مجبور نہ کیا جائے، سول نافرمانی تحریک پاکستان تک محدود نہیں ہوگی، پی ٹی آئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و سینیئر رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کریں گے جو صرف پاکستان تک محدود نہیں ہوگی بلکہ عالمی سطح پر ہوگی، اس لیے ہمیں انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے۔
پشاور میں شبلی فراز، اسد قیصر اور شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ہمارے 12 کارکنوں کے شہید ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ 5 ہزار سے زیادہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ 200 سے زیادہ لاپتا ہیں۔
عمر ایوب نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے، اور وہی جس کے ساتھ بھی بات کرنی ہوگی کرے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیاکہ 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری اور 24 نومبر کو ہمارے لوگوں پر جو گولیاں برسائی گئیں ان کی بھی تحقیقات کرائی جائیں، اس کے علاوے ہمارے گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو پھر سول نافرمانی کی تحریک کے علاوہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہوگا۔
اس موقع پر شبلی فراز نے کہاکہ 8 فروری کو تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ایک غلطی چھپانے کے لیے اب مزید غلطیاں کی جارہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *